تہران، 11 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) القدس فورس کے سربراہ جنرل قاآنی نے کہا ہے کہ مقاومت نے ایمان اور عزم کے بل بوتے اپنے سے کئی گنا طاقتور اور تمام تر وسائل سے لیس دشمن پر کاری وار کیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران کے بین الاقوامی ونگ القدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا ہے کہ مقاومتی محاذ نے کم وسائل کے باوجود اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کو شدید ضربیں لگائی ہیں اور دشمن تمام تر طاقت اور وسائل کے باوجود ملتوں کے مضبوط ارادوں کے سامنے بے بس ہیں۔
شہید حسین امان اللہی کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے جنرل قاآنی نے کہا کہ شہداء نے اپنی زندگی کے بہترین لمحات کو اللہ کی رضا کے لیے قربان کیا اور اپنی قوم کا نام تاریخ میں سنہری حروف میں لکھوایا۔
انہوں نے مقاومتی محاذ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 14 سالہ محاصرے کے باوجود غزہ استقامت اور مزاحمت کی مثال بنا ہوا ہے کہ کس طرح کم وسائل کے باوجود دشمن کو مسلسل پسپائی پر مجبور کیا گیا۔ امریکہ اور اسرائیل دونوں قوتیں اپنے دعووں کے باوجود عملی طور پر غزہ کے عوام کے مقابلے میں بے بس ہیں، وہ یہ بھی نہیں سمجھ پا رہے کہ مقاومت کے میزائل کس طرح درست طور پر اپنے اہداف کو نشانہ بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ، لبنان اور یمن میں مقاومت نے کم سے کم وسائل کے ساتھ دشمن کو سب سے بڑی ضربیں لگائی ہیں۔ مقاومت ہر گزرتے دن کے ساتھ طاقتور تر ہوتی جارہی ہے۔ یمن کے جوانوں نے جب جنگ کا آغاز کیا تھا تو ان کے پاس کوئی وسائل نہیں تھے، لیکن آج ان کے میزائلوں کی رینج 600 سے 700 کلومیٹر تک بڑھ چکی ہے۔ تاریخ میں اس طرح کی کامیابی کی مثال نہیں ملتی۔
جنرل قاآنی نے اپنے خطاب میں دشمن کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ظلم کبھی نہیں بھولا جائے گا۔ بے گناہ لوگوں، عورتوں اور بچوں کا قتل، اور ان کے گھروں کو تباہ کرنا آپ کی طاقت نہیں بلکہ آپ کی کمزوری کا ثبوت ہے۔
انہوں نے ایرانی دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر صہیونی حکومت کے دہشت گرد حملے کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہداء حقیقی رہنما ہیں، جنہوں نے اسلام کی عزت اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
القدس فورس کے سربراہ نے کہا کہ مقاومتی بلاک کی طاقت میں اتار چڑھاؤ کے باوجود ہم مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس مضبوطی نے دشمنوں کو واضح پیغام دیا کہ وہ جتنا بھی کوشش کریں، ملتوں کے عزم کو کبھی شکست نہیں دے سکتے۔ امام زمان (علیہ السلام) کے ظہور تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔