مولانا مجددی نے آج یہاں جاری ایک ویڈیو پیغام میں مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں ماہ رمضان کے مبارک موقع پر آخری جمعہ یعنی جمعتہ الوداع کے دن وقف ترمیمی بل کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانا ہے۔
اس سلسلے میں آپ سے درخواست کی جاتی ہے کہ جب آپ جمعہ کی نماز کے لئے جائیں تو اپنے دائیں ہاتھ پر کالی پٹی باندھ کر خاموشی کے ساتھ احتجاج کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد میں جائیں اور اپنا ویڈیو بناکر اسے وائرل کریں اور اسے مسلم پرسنل لا بورڈ کے سوشل میڈیا ڈیسک پر بھی ارسال کرنے کی کوشش کریں۔ مجھے امید ہے کہ آپ اس تحریک میں شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وقف ترمیمی بل کے خلاف گلی کوچے اور چوک چوراہے پر احتجاج کیا جائے گا۔ اس ضمن میں ملک کے متعدد حصوں میں مظاہروں، ورکشاپس کے ساتھ کل پٹنہ کے گردنی باغ میں زبردست مظاہرہ ہوا تھا جس میں محترمہ مایاوتی، لالو پرساد یادو، تیجسوی یادو، چندر شیکھر آزاد کے علاوہ متعدد ممبران پارلیمنٹ اور سماجی، سیاسی رہنما شریک ہوئے تھے اور تمام رہنماؤں نے وقف ترمیمی بل کی مخالفت کرتے ہوئے مسلمانوں کا ساتھ دینے کا عہد کیا تھا۔
اس ضمن میں 29 مارچ کو آندھرا پردیش کے وجے واڑہ ایک احتجاجی پروگرام منعقد ہونے جارہا ہے جس میں تمام اہم لوگوں کی شرکت متوقع ہے اور اس احتجاج کا مقصد آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندر بابو نائیڈو کو وقف ترمیمی بل کے خلاف مسلمانوں کے جذبات و احساسات سے آگاہ کرانا ہے۔