Masarrat
Masarrat Urdu

کجریوال، سسودیا سمیت آپ کے دو وزیر ہار گئے

Thumb

نئی دہلی، 8 فروری (مسرت ڈاٹ کام)   دہلی اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے طوفان کے سامنے عام آدمی پارٹی ( آپ )   کی 12  سالہ حکمرانی اکھڑ گئی اور مرکزی وزیر کے الفاظ میں عام آدمی پارٹی ( آپ ) کے  بڑے میاں چھوٹے میاں   (مسٹر اروند کیجریوال اور مسٹر منش  سسودیا )  سمیت کئی بڑے لیڈروں کو شکست کا مزی چکھنا پڑا ۔

    قابل ذکر ہے کہ قومی راجدھانی دہلی  میں انتخابی مہم کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے 3 فروری کو ایک ریلی میں  آپ کے قومی کنوینر کیجریوال اور سابق نائب وزیر اعلیٰ اور کجریوال کے قریبی ساتھی مسٹر سسودیا کو بالترتیب 'بڑے میاں' اور 'چھوٹے میاں' کہا تھا۔ وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ  آپ کے ان دونوں   لیڈروں نے دہلی کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔
مسٹر کیجریوال کو نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے پرویش ورما نے قریبی مقابلے میں شکست دی  ۔ مسٹر ورما کو 30088 ووٹ ملے، جب کہ مسٹر کیجریوال کو 25999 ووٹ ملے۔ مسٹر سسودیا اپنی پٹپڑ گنج سیٹ چھوڑ کر جنگ پورہ حلقہ میں چلے گئے جہاں انہیں بی جے پی کے ترویندر سنگھ مارواہ نے 675 ووٹوں سے شکست دی۔ مسٹر مارواہ کو 38859 ووٹ ملے، جب کہ مسٹر سسودیا کو 38184 ووٹ ملے۔
دہلی کے وزیر صحت اور  آپ  کے ترجمان سوربھ بھاردواج اور وزیر ٹرانسپورٹ اور جاٹ لیڈر رگھوویندر شوقین بھی بی جے پی کے طوفان میں اپنی شکست کو  نہیں بچا سکے  ۔ مسٹر بھاردواج کو گریٹر کیلاش سیٹ سے بی جے پی کی شیکھا رائے نے 3139 ووٹوں سے اور مسٹر شوقین کو بی جے پی کے منوج شوقین نے 25251 ووٹوں سے شکست دی۔
وزیر اعلیٰ آتشی کالکاجی سیٹ سے سخت مقابلے میں آپ کا پرچم بلند رکھنے میں کامیاب رہیں  اور  انہوں نے بی جے پی کے رمیش بدھوڑی کو 3521 ووٹوں سے شکست دی۔ ایک اور وزیر گوپال رائے نے بی جے پی کے انل کمار وششٹ کو 18994 ووٹوں سے شکست دی۔ بلی مارن سے عمران حسین نے بی جے پی کے کمل باگڑی کو 29823 ووٹوں سے اور سلطان پور ماجرہ سے مکیش کمار اہلوت نے بی جے پی کے کرم سنگھ کرما کو 17126 ووٹوں سے شکست دی۔

Ads