تہران، 13 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) انصاراللہ یمن کے اس اعلان کے بعد کہ بحیرہ احمر میں صیہونی حکومت سے وابستہ بحری جہازوں کی رفت و آمد پر پا بندی بحال کردی گئی ہے، حماس نے ایک بیان جاری کرکے ، فلسطینی عوام اور استقامتی محاذ کی حمایت میں یمنی قوم اور حکومت کا صحیح موقف قرار دیا ہے
ارنا کے مطابق حماس نے اپنے اس بیان میں غاصب صیہونی حکومت کے بحری جہازوں کی رفت وآمد پر پابندی لگانے کے یمن کے موقف کی قدردانی کی ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یمن کا یہ موقف غزہ کا ظالمانہ محاصرہ ختم کرنے کے لئے غاصب صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالنے کا صحیح اقدام ہے۔
حماس نے کہا ہے کہ یمن کا یہ اقدام یمن کی قوم اور حکومت کے صحیح موقف اور اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کی جانب سے فلسطینی قوم اور استقامتی محاذ کی حقیقی حمایت اور پشت پناہی جاری ہے۔
حماس نے اسی کے ساتھ سبھی عرب اور غیر عرب اسلامی ملکوں نیز دنیا کے حریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ غزہ کے خلاف جارحیت اور ظالمانہ محاصرہ ختم کرنے کے لئے، غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے خلاف موثر اقدام کریں اور غزہ تک انسان دوستانہ امداد پہنچانے کے لئے کوششیں تیز کردیں۔