Masarrat
Masarrat Urdu

غزہ کے فلسطینیوں کو مصر اور اردن بھیجنے کا مطلب

  • 07 Feb 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن، 6 فروری (مسرت ڈاٹ کام)  وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا   غزہ  کے فلسطینیوں کو مصر اور اردن بھیجنے  کا مطلب "عارضی آبادکاری" تھا،  تاہم  انہوں نے  بعد میں ان کی  اپنے گھروں کو واپسی کا عندیہ نہیں دیا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے پریس بریفنگ میں غزہ ایجنڈے کے حوالے سے بیانات دیے۔
کیرولین لیویٹ نے غزہ پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے منصوبے کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کی  "وضاحت" کی۔
امریکی ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینیوں کی غزہ کے علاوہ دیگر مقامات پر "عارضی" آباد کاری ممکن ہے، لیکن غزہ کی تعمیر نو کے بعد ان کی اپنے گھروں کو واپسی کے بارے میں سوالات کا جواب نہیں دیا۔
لیویٹ نے کہا، "میں تصدیق کر سکتی ہوں  کہ صدر غزہ کی تعمیر نو اور وہاں کے لوگوں کی عارضی منتقلی  پر  پُر عزم ہیں۔"
فلسطینیوں کی مصر اور اردن جیسی جگہوں پر عارضی طور پر یا مستقل طور پر آباد کاری  سے متعلق پر زور سوالات کے جواب میں  لیویٹ نے "عارضی دوبارہ آبادکاری" کی اصطلاح استعمال کی۔
لیویٹ نے اس بات پر زور دیا کہ ٹرمپ نے اس عمل میں مصر اور اردن کے ساتھ بات چیت کی ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ دونوں ممالک وہاں فلسطینیوں کی عارضی آباد کاری کے لیے مثبت موقف کا مظاہرہ کریں گے "صدر ٹرمپ نے یہ واضح کیا کہ وہ خطے میں ہمارے شراکت داروں، خاص طور پر مصر اور اردن سے توقع کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کو عارضی طور پر پناہ دیں۔"

Ads