مسٹر کیجریوال نے اتوار کو ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے دہلی کے کچی آبادیوں کو خبردار کیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ لوگ بی جے پی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور پیسوں کے عوض اپنی انگلیوں پر کالی سیاہی نہیں لگوائیں۔ ورنہ آپ کو جیل ہو سکتی ہے۔ بی جے پی کے کارکن کچی بستیوں میں گھر گھر جا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ تین ہزار روپے لے لو الیکشن کمیشن آپ کے گھر آکر آپ کا ووٹ ڈلوا دے گا۔۔ یہ بہت بڑی سازش ہے۔ اگر آپ نے بوتھ پر گئے بغیر اپنی انگلی پر سیاہی لگوا لی تو یہ لوگ جعلی ووٹ ڈالنے کے جرم میں آپ کو ہی گرفتار کروادیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کچی آبادی کے بہت سے لوگوں کے فون آ رہے ہیں۔ ان کی پارٹی والے گھر گھر جا کر کہہ رہے ہیں کہ 3000 روپے لے لو الیکشن کمیشن آپ کے گھر آکر ووٹ ڈلوا دے گا۔ وہ لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ آپ لوگ گھر پر ووٹ ڈال دینا اور بدلے میں اپنی انگلی پر سیاہی لگوا لینا۔ یہ سن کر میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے کیونکہ یہ آپ کو پھنسانے کی بہت بڑی سازش ہے۔
اے اے پی کے لیڈر نے کہا کہ جو لوگ آج آپ کو پیسے دے رہے ہیں وہی کل آپ کو گرفتار کروائیں گے۔ یہ بہت بڑا فراڈ ہے اور آپ دفعہ 420 کے تحت جیل جائیں گے۔ اس مصیبت میں مت پڑنا۔ اگر وہ آپ کو مفت پیسے دے رہے ہیں تو لے لیں لیکن اگر پیسے کے بدلے انگلی پر نشان لگوا رہے ہیں تو بالکل نہیں لگوانا۔