سرکاری ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سابق صدر عارف علوی کے خلاف حسن ابدال، حضرو اور انجرا تھانوں میں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کرنے والے مشتبہ افراد نے حملہ کر کے 119 پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ اسلام آباد -پشاور موٹر وے اور ہکلہ- ڈی آئی خان موٹر وے پر پولیس اہلکاروں سے آنسو گیس، اینٹی رائٹ کٹس اور موبائل فون چھین لیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز ہونے والے احتجاج کے دوران انجرا تھانہ کی پولس کی جانب سے گرفتار کیے گئے 30 مظاہرین اور حسن ابدال تھانہ کی جانب سے گرفتار کیے گئے پانچ مظاہرین کو ریمانڈ کے لیے عدالتوں میں پیش کیا گیا۔
دریں اثناء ضلع وہاڑی کے تھانہ گراہا موڑ میں بشریٰ بی بی کے خلاف سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے حالیہ ویڈیو پیغام پر مقدمہ درج کیا گیا ہے جو عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے متعلق تھا۔