نئی دہلی، 26نومبر (مسرت ڈاٹ کام) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) کے بنگلور میں منعقدہ اجلاس میں راجستھان کے معروف عالم دین،دارالعلوم دیوبند کے مجلس شوری کے رکن اور جامعہ عربیہ برکات الاسلام کھیروا سیکر (راجستھان) کے سربراہ مولانا حسن محمود قاسمی کو اے آئی ایم پی ایل بی کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔
مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اجلاس میں مولانا َخالد سیف اللہ رحمانی کو صدر جب کہ مولانا فضل الرحیم مجددی کو دوسری میقات کے لئے جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔ اسی کے ساتھ مولانا عبیداللہ خاں اعظمی کو نائب صدر منتخب کیا گیا ہے۔اسی کے ساتھ دیگر عہدیدران کا بھی انتخاب ہوا۔
مولانا حسن محمود قاسمی کو راجستھان سے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔ وہ معروف عالم دین کے ساتھ جامعہ عربیہ برکات الاسلام کھیروا سیکرکے بانی مہتمم ہیں۔ انہوں نے اس مدرسے کو قدیم و جدید تعلیم کا سنگم بنایا ہے۔ وہاں دارالعلوم دیوبند کے نصاب تعلیم کے ساتھ اسکولی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ انگریزی، حساب، جغرافیہ،دیگر عصری علوم کی تعلیم دی جاتی ہے۔خوبصورت اور ماحول دوست شاندار کیمپس میں تقریباً پانچ سو طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وہاں مختلف شعبہ جات ہیں۔
انہوں نے راجستھان کے ایسے علاقے میں وسیع عریض جگہ پر یہ جامعہ قائم کیا ہے جہاں تمام طرح سہولت موجود ہے۔درس نظامی کے ساتھ دورہ حدیث (فضیلت) کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اسی کے ساتھ ماہرین اساتذہ کی خدمات حاصل ہیں۔ جامعہ عربیہ برکات الاسلام کھیروا سیکرکے معیار تعلیم بلند کرنے میں مولانا حسن محمود قاسمی دن رات تگ و دو کرتے ہیں۔ دینی و عصری تعلیم میں نمایاں خدمات اور سماجی و ملی شعبوں میں گوناگوں خدمت کے پیش نظر انہیں دارالعلوم دیوبند کے مجلس شوری کا رکن منتخب کیا گیا۔ مولانا حسن محمود قاسمی وقف ترمیمی بل کے خلاف مسلمانوں میں بیداری پیدا کرنے میں پیش پیش رہے ہیں اور ان کی سرپرستی میں حالیہ دنوں میں راجستھان کے چورو میں عظیم الشان تحفظ اوقاف کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا تھا جس میں راجستھان کے تقریباً پانچ سو علمائے کرام شریک ہوئے تھے۔