چنئی۔ 10 اپریل 2019 (پریس ریلیز)
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس یوتھ وِنگ کے قومی صدر ڈاکٹر محمد عبیداللہ بیگ کی صدارت میں چنئی پریس کلب، چنئی میں تنظیم ہذا کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اتفاق رائے سے ڈاکٹر ڈی شاہجہاں کو تمل ناڈو اسٹیٹ طبّی کانگریس یوتھ وِنگ کا صدر منتخب کیا گیا جبکہ ڈاکٹر عاصم باشا، ڈاکٹر محمد مخدوم، ڈاکٹر سیّد ظفر احمد نائب صدر منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر باشا محی الدین کو جنرل سکریٹری اور ڈاکٹر کلیم اللہ خزانچی منتخب ہوئے۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس یوتھ وِنگ (تمل ناڈو) نے ڈاکٹر محمد عبیداللہ بیگ کی تجویز کو منظوری دیتے ہوئے ڈاکٹر سیّد امام الدین احمد (سابق پرنسپل، گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج، چنئی) کو ریاستی سرپرست اعلیٰ بنایا۔ میٹنگ میں ڈاکٹر سیّد امام الدین احمد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان طبیبوں سے اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ طبّی کانگریس کی صالح قیادت میں تمل ناڈو ریاست میں خاص طور سے طب یونانی کی ترویج و ترقی کے لیے سرگرم اور مثبت فکر کے ساتھ اپنا کردار نبھائیں گے۔ انہوں نے ڈاکٹر عبیداللہ بیگ کی صلاحیت اور نیک نیتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عملی طور پر طب یونانی کی ترویج و ترقی کی مہم چلا رہے ہیں، ہم سب ان کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن تعاون دیں گے۔ میٹنگ میں طے پایا کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر ممبرسازی کی مہم چلائی جائے گی۔ ڈاکٹر عبیداللہ بیگ نے میٹنگ میں اعلان کیا کہ اس سال آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (یوتھ ونگ) کے زیراہتمام 9 نومبر ’عالمی یوم اردو‘ کی تقریب چنئی میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری گزارش پر مرکزی کمیٹی آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس نے منظوری دے دی ہے۔ اس موقع پر ایک روزہ نیشنل سمینار بعنوان ’طب یونانی کے استحکام میں اردو کی لازمیت‘ کا انعقاد ہوگا۔ طبّی کانگریس (یوتھ ونگ) تمل ناڈو اسٹیٹ کی تشکیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (تمل ناڈو اسٹیٹ) کے صدر ڈاکٹر حکیم ناصرالدین احمد اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر ایس کے ایل حمیدالدین نے کہا کہ اب ریاست میں طبّی کانگریس کی سرگرمیاں بحال کرنے میں مدد ملے گی اور آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے قومی صدر پروفیسر مشتاق احمد کے ہم شکر گزار ہیں کہ ہمیں ’عالمی یوم اردو‘ کے موقع پر ایک روزہ نیشنل سمینار کے انعقاد کی اجازت مرحمت فرمائی۔