مقامی ذرائع کے مطابق، رات تقریباً 10:30 بجے دیر الزور میں دریائے فرات کے مشرق میں واقع عمر پیٹرول فیلڈ اڈے پر نامعلوم خودکش ڈرون کے ذریعے حملہ کیا گیا ہے۔
حملے کے بعد اڈے کے علاقے میں سائرن کی آوازیں سنی گئیں اور امریکی جنگی طیاروں نے علاقے کی فضا میں پرواز کی۔
اس کے بعد امریکی فوج نے عمر پیٹرول فیلڈ اڈے سے دریائے فرات کے مغرب میں ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کے دیہاتوں حشام، جفرہ، حویجہ اور مریعیہ پر توپوں سے بمباری کی۔
دوسری طرف صوبہ حمص کے صحرائی علاقے میں واقع طینف امریکی اڈے پر متعدد خودکش ڈرونوں کے ذریعے حملہ کیا گیا ہے۔
اڈے پر موجود فضائی دفاعی نظام نے کچھ ڈرونوں کو ان کے ہدف تک پہنچنے سے پہلے مار گرایا، تاہم نامعلوم تعداد میں ڈرون اڈے پر پہنچ گئے۔
دونوں اڈوں پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
شام میں حالیہ دنوں میں طینف علاقے، عراقی سرحد کے قریب ضلع مالکیہ ، صوبہ حسکہ کے ضلع شدادی اور صوبہ دیر الزور میں امریکی فوج کے اڈوں پر نامعلوم ڈرونوں، مسلح ڈرونوں اور زمین سے زمین پر مار کرنے والے ہتھیاروں کے ذریعے حملے کیے جا رہے ہیں۔
ایران کے حمایت یافتہ گروپ، دریائے فرات کے مشرقی کنارے پر واقع امریکی اڈوں پر وقتاً فوقتاً راکٹ اور مسلح ڈرونوں کے ذریعے حملے کرتے رہتے ہیں۔