Masarrat
Masarrat Urdu

بغداد ایئر پورٹ کے نزدیک امریکی بیس پر میزائل حملہ

  • 01 Oct 2024
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بغداد،یکم  اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) عراق کے دارالحکومت بغداد میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے  نزدیک امریکی بیس پر کاتوشیا میزائل سے حملہ کیا گیا ہے۔

عراقی خبر رساں  ادارے آئی این اے کی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے شائع کردہ خبر کے مطابق  ایک کاتوشیا میزائل بغداد ایئرپورٹ کی کھُلی اراضی میں گِرا اور دوسرا اسی  علاقے میں انسدادِ دہشت گردی سروس کے پارکنگ ایریا میں گرا ہے۔
عراقی  ذرائع کے مطابق راکٹ بغداد ایئر پورٹ کے اس حصے میں داغے گئے جہاں امریکی  اتحاد کے فوجی رہتے ہیں۔ راکٹ حملوں کے بعد ایئر پورٹ پر دھویں کے بادل چھا  گئے۔ ابھی تک راکٹ داغے جانے کی تفصیلات اور ممکنہ طور پر جانی اور مالی  نقصانات کی رپورٹ سامنے نہیں آئی اور کسی نے بھی حملے کی ذمہ داری تا حال  قبول نہیں کی۔
رپورٹس کے مطابق حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع  موصول نہیں ہوئی، سکیورٹی فورسز نے بغداد کے علاقے امیریہ سے ایک میزائل  فائرنگ پیڈ کو بھی تحویل میں لیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کی طرز  پر اب لبنان میں بھی فضائی حملوں کے بعد زمینی کارروائی شروع کردی، گزشتہ  24 گھنٹوں میں 136 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
لبنانی حکام کے مطابق  بیروت کے جنوب میں واقع عین الدلب میں کم از کم 45 افراد ہلاک ہو چکے ہیں،  جس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں ہلاک  ہونے والوں کی تعداد 136 تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے  والوں میں پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے تین اراکین بھی شامل ہیں  جو بیروت کے علاقے کولا میں مارے گئے، جہاں اسرائیل نے جنوبی مضافات کے  علاوہ پہلی بار دارالحکومت پر حملہ کیا۔
حسن نصراللہ کی ہلاکت کے بعد  حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ حزب اللہ  اسرائیلی زمینی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

Ads