Masarrat
Masarrat Urdu

آتشی نے پی ڈبلیو ڈی کی تمام سڑکوں کی مرمت کرنے کی دی ہدایات

Thumb

نئی دہلی، 30 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ تمام سڑکوں کی مرمت کا کام جلد از جلد اور جنگی بنیادوں پر کیا جائے۔

محترمہ آتشی نے افسران کے ساتھ پیر کی صبح یہاں این ایس آئی سی اوکھلا، مودی مل فلائی اوور، چراغ دہلی، تغلق آباد ایکسٹینشن، متھرا روڈ، آشرم چوک اور آشرم انڈر پاس کی سڑکوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے دیکھا کہ سڑکیں خستہ حال ہیں۔ کئی مقامات پر پائپ لائنیں یا بجلی کی تاریں بچھانے کے لیے سڑکوں کی کھدائی کی گئی ہے لیکن ان کی مرمت  کا کام نہیں کیا گیا۔ سڑکوں پر کئی مقامات پر گڑھے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ان تمام سڑکوں کی مرمت کا کام جلد از جلد اور جنگی بنیادوں پر کیا جائے تاکہ لوگوں کو بہتر سڑکیں مل سکیں۔
انہوں نے ایکس پر کہا ’’دہلی کی تمام پی ڈبلیو ڈی سڑکوں کو گڑھے سے پاک کرنے کے لیے، دہلی حکومت کی پوری کابینہ آج صبح سے ہی گراؤنڈ زیرو پر آگئی اور سڑکوں کا معائنہ کررہی ہے۔ اروند کیجریوال کی رہنمائی میں ہماری کوشش ہے کہ دیوالی تک تمام دہلی والوں کو گڑھے سے پاک سڑکیں ملیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لگاتار دو دنوں تک انہوں نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ساتھ شہر کے مختلف حصوں میں سڑکوں کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران پتہ چلا کہ دہلی کی سڑکیں بہت بری حالت میں ہیں اور کئی جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہیں۔
محترمہ آتشی نے کہا کہ وزیر اعلی کے طور پر انہوں نے جنوبی دہلی اور جنوب مشرقی دہلی کی ذمہ داری لی ہے۔ وزیر سوربھ بھاردواج نے مشرقی دہلی کی ذمہ داری لی ہے۔ وزیر گوپال رائے نے شمال مشرقی دہلی کی ذمہ داری لی ہے۔ وزیر کیلاش گہلوت نے مغربی دہلی اور جنوب مغربی دہلی کی ذمہ داری لی ہے۔ وزیر عمران حسین نے مرکزی اور نئی دہلی کی ذمہ داری لی ہے جبکہ وزیر مکیش اہلاوت نے شمالی اور شمال مغربی دہلی کی ذمہ داری لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں پی ڈبلیو ڈی کی دہلی میں 1400 کلومیٹر سڑکوں کے ہر انچ کا معائنہ کیا جائے گا۔ جہاں کہیں گڑھے، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ہیں، ان کی مرمت کی ضرورت ہے، ان کا معائنہ کیا جائے گا اور آنے والے 3 سے 4 ہفتوں میں تمام سڑکیں دوبارہ تعمیر کر دی جائیں گی۔

Ads