سپریم کورٹ کے ایک وکیل نے جمعہ کے روز بتایا کہ جسٹس بی وی ناگارتنا اور جسٹس اجل بھویان پر مشتمل بنچ نے جمعرات کے روز کہا کہ ریکارڈ میں کوئی خامی نہيں ہے یا نظرثانی کی درخواستوں میں میرٹ نہیں ہے۔
حکومت گجرات نے دعویٰ کیا تھا کہ عدالت کے سخت ریمارکس سے پتہ چلتا ہے کہ ریاستی حکومت نے مجرموں میں سے ایک کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، جو کہ غیرضروری اور متعصبانہ تھے اور اس تبصرے کو حذف کرنے کی درخواست کی۔
لیکن سپریم کورٹ نے کہا کہ اسے اپنے سابقہ فیصلے میں کوئی غلطی نہیں محسوس ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ ریاستی حکومت کے ذریعہ بلقیس بانو کیس میں 11 قصورواروں کی سزاؤں کی معافی کو مسترد کرتے ہوئے، سپریم کورٹ نے جنوری میں گجرات حکومت کو یہ کہتے ہوئے پھٹکار لگائی تھی کہ اس نے مجرم کے ساتھ مل کر کام کیا جس نے اپنی قبل از وقت رہائی کی درخواست پر غور کرنے کے لیے عدالت سے بھی رجوع کیا تھا۔
مجرم کی رٹ پٹیشن میں، متعلقہ عدالت نے مئی 2022 میں ریاست گجرات کو معافی کی درخواست پر غور کرنے کے لیے مناسب اتھارٹی قرار دیا تھا، جس کے بعد ایسے واقعات کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں 11 مجرموں کو رہا کردیا گیا جو عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔
ان مجرموں کو گجرات میں 2002 کے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران متعدد قتل اور اجتماعی عصمت دری کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
انہیں گجرات حکومت نے اگست 2022 میں یوم آزادی کے موقع پر خصوصی معافی اسکیم کے تحت رہا کیا تھا، جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔
اس کے بعد سپریم کورٹ نے بلقیس بانو کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے ان کی رٹ پٹیشن کو منظوری دے دی۔ یہ مقدمہ 2002 کے گجرات فسادات میں ہونے والے حملے سے متعلق ہے، جس میں 11 مردوں کے گروہ نے ایک حاملہ خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی تھی۔
عدالت عظمی نے کہا کہ ریاست گجرات سی آر پی سی کی دفعہ 432 کے دائرے میں ان مجرموں کی معافی کی درخواستوں کا فیصلہ کرنے کے لیے 'مناسب حکومت' نہیں تھی، کیونکہ مقدمہ مہاراشٹر کو منتقل کر دیا گیا تھا۔