Masarrat
Masarrat Urdu

منو اور سربجوت کی جوڑی نے ہندوستان کو دوسرا تمغہ دلایا

Thumb

پیرس، 30 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) منو بھاکر اور سربجوت سنگھ کی ہندوستانی جوڑی نے منگل کو پیرس اولمپک 2024 میں شوٹنگ 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں ملک کے لیے دوسرا کانسی کا تمغہ جیتا۔

چیٹوروکس میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی جوڑی نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں جنوبی کوریا کی جوڑی اوہ یے جن اور لی وونہو کو 16-10 سے شکست دے کر تمغہ جیتا۔
میچ کے آغاز میں جنوبی کوریا کی لی وونہو اور اوہ یی جن  کی ٹیم  نے پہلی سیریز میں برتری حاصل کی تھی، لیکن اس کے بعد ہندوستانی جوڑی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 8-2 کی برتری اپنے نام کرلی۔
منو بھاکر نے شاندار آغاز کیا اور 10.2 کا اسکور حاصل کیا۔ سربجوت سنگھ کے 8.6 کے اسکور کی وجہ سے ہندوستان کو پہلے دو پوائنٹس گنوانے پڑے، لیکن اس کے بعد انہوں نے 10.5، 10.4 اور 10 کے اسکور کے ساتھ اچھی واپسی کی اور ہندوستان کو اگلے چھ پوائنٹس لینے میں مدد کی۔
منو بھاکر نے اپنے پہلے سات شاٹس میں کم از کم 10 کا اسکور کیا۔ جنوبی کوریائی کھلاڑی اوہ یی جن نے اپنی مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو ریس میں برقرار رکھا اور  8-2 کی شکست سے سنبھل کر میچ کو 14-10 تک لے گئے، تاہم ہندوستانی شوٹنگ جوڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے لیے دوسرا تمغہ جیت لیا۔
اس کے ساتھ ہی منو بھاکر ایک اولمپک میں دو تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے خواتین کی 10 میٹر ایئر پسٹل میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ نیز سربجوت سنگھ چھٹے ہندوستانی شوٹر بن گئے ہیں، جنہوں نے سمر اولمپکس میں تمغہ اپنے نام کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پیر کو منو بھاکر اور سربجوت سنگھ نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں تیسرا مقام حاصل کیا تھا اور کانسی کے تمغے کے لیے اپنی جگہ پکی کر لی تھی۔ شوٹنگ میں ہندوستان کے چھ اولمپک تمغوں میں سے دو اب پیرس 2024 میں آ ئے ہیں۔
منو بھاکر جمعہ سے شروع ہونے والے خواتین کے 25 میٹر پسٹل مقابلے میں بھی حصہ لیں گی۔ وہ 21 رکنی ہندوستانی شوٹنگ ٹیم سے متعدد انفرادی ایونٹس میں حصہ لینے والی واحد ایتھلیٹ ہیں۔

Ads