Masarrat
Masarrat Urdu

ہاتھرس ست سنگ میں بھگدڑ سانحہ نہایت افسوسناک: محمد ہدایت اللہ جنٹل انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے ایگزکیوٹیو ممبر کے امیدوار

Thumb


نئی دہلی، 8جولائی(مسرت ڈاٹ کام)  ہاتھرس میں ست سنگ میں پیش آنے والی بھگدڑمیں جاں بحق ہونے والوں سے اظہار تعزیت، زخمیوں اور لواحین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دہلی کانگریس سوشل میڈیا کے چیرمین اور کانگریس کے لیڈر محمد ہدایت اللہ جنٹل نے کہا کہ اگر انتظامیہ مستعد رہتی تو اس افسوسناک سانحہ کوٹالا جاسکتا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں اس طرح کے سانحات ہندوستانی عوام کا مقدر بن چکے ہیں، سانحہ سے لوگوں سے بچانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے لیکن سانحہ پیش آنے پر بلند بانگ دعوے ضرور کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھگدڑ کا یہ کوئی پہلاحادثہ نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے بھی متعدد بھگدڑ کے واقعات ہوچکے ہیں لیکن انتظامیہ نے اس سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور لاپروائی برتنے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے لواحقین اور زخمیوں کے تئیں اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کی تمام ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں اور انہیں مناسب معاوضہ دلانے کے لئے ہماری پارٹی اپنی کوشش کی جاری رکھے گی۔
مسٹر ہدایت اللہ جنٹل جوانڈیا اسلامک کلچرل سنٹر (آئی آئی سی سی) کے 11 اگست کو ہونے والے الیکشن میں ایگزکیوٹیو ممبر کے امیدوار ہیں، جن کا بیلیٹ نمبر 12ہے، نے کہا کہ ملک میں ہونے والے بھگدڑ کے واقعات میں اب تک ہزاروں لوگوں کی جان جاچکی ہے اور زیادہ تر بھگدڑمذہبی تقریبات میں ہوئی ہیں۔ اس لئے انتظامیہ کو چاہئے تھا کہ وہ اس کا بندوبست مناسب طریقے سے کرتی لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد کو کنٹرول کرنے کے لئے صرف 40 پولیس والے تھے۔
انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کے بہتر علاج کا مناسب بندوبست کیا جائے اور مرنے والوں کے پسماندگان کو مناسب معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جان کا کوئی بدل نہیں ہے بس اس سے تھوڑا سا صرف مرہم لگے گا۔
واضح رہے کہ کانگریس کے لیڈر محمد ہدایت اللہ جنٹل اسلامک کلچرل سنٹر کے مضبوط اور کلچرل سنٹر کے تئیں وقف امیدوار ہیں۔ سماجی خدمات میں ان کا کوئی ثانی  نہیں۔ ان کے منتخب ہونے سے اسلامک کلچرل سنٹر کے کاز کو مضبوطی ملے گی۔

Ads