Masarrat
Masarrat Urdu

ایناڈو گروپ کے صدرنشین سی راموجی راؤ چل بسے

Thumb

حیدرآباد 8جون(مسرت ڈاٹ کام) ایناڈو گروپ کے صدرنشین سی راموجی راؤ حیدرآباد کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج کے دوران ہفتہ کی صبح چل بسے۔ اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ ان کی عمر 88 سال تھی۔ راموجی راؤ کو سانس لینے میں دشواری پر 5 جون کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ علاج کے دوران ہفتہ کو صبح 4بجکر50منٹ پر انہوں نے آخری سانس لی۔ذرائع نے مزید کہا کہ ان کی لاش کو راموجی فلم سٹی میں واقع ان کی رہائش گاہ پر پہنچایا گیا جہاں خاندان کے ارکان، دوستوں اور مداحوں نے افسانوی سرکردہ شخصیت کو خراج پیش کیا۔ کرشنا ضلع، آندھرا پردیش کے ایک زرعی خاندان میں پیدا ہوئے، راموجی کی ملکیت والی کمپنیوں میں مارگادرسی چٹ فنڈ، ایناڈو اخبار، ای ٹی وی نیٹ ورک شامل ہے۔ راموجی راو، راموجی گروپ کے سربراہ ہیں، جو دنیا کے سب سے بڑی فلم پروڈکشن کا مرکزراموجی فلم سٹی ہے۔ساتھ ہی وہ ایناڈو اخبار، ٹی وی چینلس،ای ٹی وی نیٹ ورک اور فلم پروڈکشن کمپنی اوشا کرن موویزکے مالک ہیں۔ان کے دیگر کاروباری منصوبوں میں مارگدرسی چٹ فنڈ، ڈولفن گروپ آف ہوٹلز، کالانجلی شاپنگ مال، پریا اچار، اور میوری فلم ڈسٹری بیوٹرز شامل ہیں۔انہوں نے تلگوسنیما میں اپنے کام پر چار فلم فیئر ایوارڈ ساؤتھ، پانچ نندی ایوارڈز اور نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔2016 میں، انھیں صحافت، ادب اور تعلیم میں ان کے رول پر ہندوستان کے دوسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ مرکزی وزیر وتلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے راموجی کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ”شری راموجی راؤ کے چل بسنے پر غمزدہ ہوں۔ تلگو میڈیا اور صحافت میں ان کی نمایاں شراکت قابل ستائش ہیں۔ ان کے ارکان خاندان سے میری گہری تعزیت“۔راموجی راو کے چل بسنے پر دیگر اہم شخصیات اور سیاستدانوں نے بھی خراج پیش کیا۔

آندھراپردیش کی حکمران جماعت تلگو دیشم پارٹی کے صدر این چندرابابو نائیڈو نے سرکردہ تاجر اور میڈیا کی اہم شخصیت راموجی راؤ کو خراج پیش کیا جو ہفتہ کی صبح حیدرآباد میں چل بسے۔ نائیڈو نے جو اس وقت قومی دارالحکومت نئی دہلی میں ہیں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے راموجی راو کوخراج پیش کیا۔انہوں نے کہا ”ایک عام گھرانے میں پیدا راموجی راؤ نے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں۔  راموجی نے تلگوریاست اور ملک کے لیے بہت سی خدمات انجام دیں۔ راموجی تلگو عوام کا اثاثہ تھے جنہوں نے تمام کی زندگیوں پر سب سے زیادہ اثر چھوڑا۔ راموجی کی موت نہ صرف تلگو عوام کے لیے بلکہ ملک کے لیے بھی ایک بڑا نقصان ہے۔ایناڈو گروپ کمپنیوں کے قیام سے ہزاروں افرادکو روزگار دیا گیا۔ راموجی کا میڈیا کے میدان میں ایک منفرد دررہا۔انہوں نے کئی چیلنجوں اور مسائل پر قابو پایا۔ جس طرح راموجی راؤ نے ہار مانے بغیر اقدار کے ساتھ ادارہ کو چلایا وہ تمام کے لیے مثال ہے۔اپنے دہائیوں کے طویل سفر میں، راموجی راؤ نے ہمیشہ عوام کی بھلائی اور سماج کی بھلائی کے لیے کام کیا ہے۔وہ میڈیا کے میدان میں ایک بلند مقام کے حامل تھے اور ہم یہ حقیقت تسلیم نہیں کر پا رہے کہ وہ نہیں رہے۔وہ مسائل سے لڑنے میں میرے لیے ایک تحریک ہے۔آنجہانی راموجی کے ارکان خاندان اور ایناڈو گروپ آف کمپنیز کے عملے سے میری تعزیت۔ ایشور راموجی راؤ کی آتما کو شانتی دے“۔

Ads