179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور تیسرے ہی اوور میں صائم ایوب (14) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد محمد رضوان اور بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 139 رنز کی شراکت ہوئی۔ رضوان نے 38 گیندوں میں (56) اور بابر اعظم نے 42 گیندوں میں (75) رنز بنائے۔ اعظم خان 18 اور عماد وسیم ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے 17 اوورز میں چار وکٹوں پر 181 رنز بنائے اور میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا۔
اس سے قبل لورکن ٹکر کی 41 گیندوں پر (73)، اینڈی بالبرنی کی 26 گیندوں میں (35) اور ہیری ٹییکٹر کی 20 گیندوں پر ناٹ آؤٹ (30) کی طوفانی اننگز کی مدد سے آئرلینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں پر 178 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔