مولانا قاسمی نے یہ اپیل ایم ایس کیرئٹیواسکول، اے آر کے جونئیر کالج کے سالانہ پروگرام میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کی۔انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ دشمن اسلام کے پھیلائے فتنوں سے بچ سکیں۔
انہوں نے خواتین کی تعلیم و تربیت اور ان کی شراکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم اور ان کی شرکت کے بغیر صالح انقلاب کا تصور ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم سے دور کرنے کا مطلب ہے کہ مسلمانوں کی نصف آبادی تعلیم اور ترقی سے دور ہے ۔ اس لئے ہمیں صالح معاشرہ کی تعمیر و تشکیل میں دشواری کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی تنزلی کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ ہماری بچیوں کی نمائندگی اہم شعبے میں بہت کم ہے اس وجہ سے آج مسلم معاشرہ پسماندگی کا شکار ہے۔اس لئے اسکول کالج میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کی سخت ضرورت ہے۔
مولانا امیر اللہ قاسمی نے بتایا کہ ہمارے ایم ایس اسکول،اے آر کے جونیئر کالج ، سراج البنات اور سراج العلوم میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کا انتظام ہے۔ لڑکے اور لڑکیوں کے لئے علاحدہ علاحدہ انتظام ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ انشاء اللہ آئندہ سال لڑکیوں کے ڈگری کالج قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جے ای ای ،نیٹ کی تیاری، آئی آئی ٹی اور پیشہ وارانہ تعلیم دی جائے گی۔
اے آر کے اکیڈمی کے چیرمین مولانا ثناء اللہ خاں نے بتایا کہ اے آر کے اکیڈمی کے تحت چلنے والے ادارے میں اس طرح کا نظام بنایا گیا ہے کہ مدارس سے فارغ ہونے والے حفاظ کرام بھی فائدہ اٹھاسکیں اور حفاظ کے لئے فاونڈیشن کورس شروع کیا گیا ہے جسے پورا کرنے کے بعد عصری تعلیمی اداروں میں داخلہ لے سکیں گے۔ انہیں دسویں اور بارہویں کروایا جائے گا تاکہ وہ ڈاکٹر، انجینئر، وکیل، آئی آئی ٹی کورسز اور دیگر پروفیشنل کورسز کرسکیں۔
ایم ایس اکیڈمی کے ڈائرکٹر معظم حسین نے کہا کہ بچوں نے جو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے کہ وہ قابل رشک ہے اور اس سے دیگر اداروں کے بچے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے لیڈر اور جماعت علمائے ہند کے صدر مولانا صہیب قاسمی نے بچوں پر سیرت نبوی سے سبق حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آنحضرت نے ہمیشہ صحیح راستہ دکھایا ہے اوراسی پر ہی چل کر ہم اپنی زندگی سنوار سکتے ہیں۔ الانصار فاونڈیشن کے چیرمین انجینئر شعیب انصاری نے بچوں کی کارکردگی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے پڑھنے والے بچے زندگی کے تمام شعبہائے حیات پر اپنی چھاپ چھوڑیں گے۔
ایم ایس کیرئٹیو اسکول کے بچوں نے دلچسپ، رنگا رنگی اور مختلف موضوعات پر مبنی پروگرام پیش کئے جس سے سامعین متاثر ہوئے بغیر نہیں ریہ سکے۔