Masarrat
Masarrat Urdu

ایران میں 28 مشتبہ دہشت گرد گرفتار

Thumb

تہران، 25 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی انٹیلی جنس محکمے نے دارالحکومت میں کئی پرہجوم مقامات کو نشانہ بنانے کی دہشت گردی کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے اور اس سلسلے میں 28 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

ایران کی انٹیلی جنس وزارت نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی سلامتی کو متاثر کرنے، لوگوں میں خوف پیدا کرنے اور گزشتہ موسم خزاں کے فسادات کی برسی کے موقع پر بدامنی پھیلانے کے مقصد سے ایک ساتھ 30 مقامات پردھماکے کئے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’انٹیلی جنس فورسز نے تہران، البورز اور مغربی آذربائیجان صوبوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا اور دہشت گرد نیٹ ورک کے تمام ارکان کو گرفتار کر لیا۔‘‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد کا تعلق اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) گروپ سے تھا اور ان میں سے کچھ کے شام سے تعلق رکھنے والے ’تکفیری دہشت گردوں‘ سے رابطے تھے یا ان کے افغانستان، پاکستان اور عراقی کردستان کے علاقے میں سفری ریکارڈ تھے۔ اس دوران بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، بم، انہیں بنانے کا سامان، 100 ڈیٹونیٹرز، ٹائم بم بنانے کا الیکٹرانک سامان، 17 امریکی پستول، ان کی گولیاں، اسمارٹ کمیونیکیشن اور سیٹلائٹ کا سامان، فوجی یونیفارم، خودکش جیکٹس اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔  وزارت نے کہا کہ آپریشن کے دوران دو انٹیلی جنس اہلکار زخمی ہوئے۔

Ads