حیدرآباد۔ 17ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے نے حیدرآباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے اجلاس کے دوسرے اور آخری دن اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات کے لئے حکمت عملی کے سلسلہ میں اظہارخیال کیا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی دستور اور جمہوریت کی بنیاد ڈالنے میں کانگریس کا تاریخی رول ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس کے تحفظ کی ذمہ داری کانگریس پر ہے۔ انہوں نے پارٹی لیڈروں سے خواہش کی کہ وہ بنیادی مسائل کو عوام کے درمیان لاتے ہوئے بی جے پی حکومت کی ناکامیوں اور عوام مخالف پالیسیوں کو اجاگر کرے۔ انہوں نے کہا کہ 2024ء میں گاندھی جی کے صدرکانگریس کے طور پر 100 سال مکمل ہورہے ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانا گاندھی جی کو بھرپور خراج عقیدت ہوگا۔ انہوں نے مسلسل کوششوں اور رائے دہندوں کے ساتھ رابطہ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ غلط معلومات کا جواب دیا جاسکے اور ہندوستانی جمہوریت کا تحفظ کیا جاسکے۔ اس اجلاس میں کانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلی، کانگریس کی مختلف اکائیوں کے سربراہوں، سی ایل پی لیڈروں اور سی ڈبلیو سی کے ارکان نے شرکت کی جس میں اہم امور اور پالیسیوں پر تبادلہ خیال و قراردادوں کے پس منظر میں انتخابی منصوبہ بندی پر توجہ مرکوز کی گئی۔ کھرگے نے نشاندہی کی کہ ہندوستان تبدیلی چاہتا ہے۔ انہوں نے کرناٹک اور ہماچل پردیش میں حالیہ انتخابی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو بے تکان کام کرنے کی ضرورت ہے۔