Masarrat
Masarrat Urdu

پاکستانی وزیردفاع خواجہ آصف نے دفاعی تنصیبات پر حملوں کا ذمہ دار صدر عارف علوی کو قرار دیا

Thumb

اسلام  آباد، 30 مئی (مسرت ڈاٹ کام)پاکستانی  وزیر دفاع خواجہ آصف نے 9 مئی اور   دفاعی تنصیبات پر حملوں کا ذمہ دار  پاکستانی صدر مملکت عارف علوی کو   قرار  دے دیا۔

جیو  نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نےکہا کہ 9 مئی حملے اور قومی عمارات  اور دفاعی تنصیبات پر حملےکی ابتدا عارف علوی نے کی ، سوشل میڈیا پر  اخلاقیات کی تباہی بھی عارف علوی نے کی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ  اگر  ملکی قانون نے  ان سے حساب نہ لیا تو وہ اس جہاں میں نہ سہی اگلے جہاں  میں حساب دیں گے، میرا موقف تاریخ کے واقعات کی بنیاد پر ہے۔
وزیر دفاع  کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری میں فوج کا قطعاً کوئی کردار  نہیں  تھا، عمران خان کو فوج یا رینجرز نےگرفتار نہیں کیا، رینجرز  نے عمران خان  کی گرفتاری میں پولیس کی مدد کی، عمران خان فوج پر غلط الزامات لگا رہے ہیں  اور  اب فوجی تنصیبات پر حملے کی توجیح  پیش کر رہے ہیں، عمران خان لوگوں  کو اکسانے  اور  منظم حملوں کے جواز کا بہانہ تلاش کر  رہے ہیں۔
ان کا  کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر  پابندی کے حوالے سے ابھی اتحادیوں سے مشاورت  اور بحث شروع نہیں ہوئی، تحریک انصاف پرپابندی کی فوری ضرورت پڑی تو  اتحادیوں سے مشورہ  بھی کرلیا جائےگا۔

Ads