’آپ‘کے سینئر لیڈر اور کابینہ کے وزیر سوربھ بھاردواج نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا، ”پچھلے تقریباً ایک سال سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم پی ترجمان ٹی وی ڈیبیٹس میں کھلے عام’آپ‘ لوگوں کا نام لے کر کہتے ہیں کہ اب ان کو گرفتار کریں گے اورای ڈی -سی بی آئی چھاپہ پڑے گا۔ پوری دہلی میں بی جے پی ایک خاص طریقے سے ’آپ‘لیڈروں کے بارے میں خبریں پھیلاتی ہے کہ آج وہ اسے گرفتار کر یں گے۔“
مسٹر بھاردواج نے کہاکہ”جس طرح سنجے سنگھ کا پورا واقعہ سامنے آیا، اگرکسی دوسرے ملک یا مرکزی حکومت میں کسی دوسری پارٹی کی حکومت ہوتی تو یہ اس کے لئے بہت شرم کی بات تھی۔ سنجے سنگھ نے جس طرح سے پارلیمنٹ میں اڈانی معاملے میں مرکزی حکومت اور وزیر اعظم سے جس طرحسے سوالات کیے، اس کے بعد بی جے پی والے کہنے لگے کہ اب اگلا نمبر سنجے سنگھ کا ہوگا۔سنجے سنگھ کے نام چارج شیٹ کے اندر ڈالا گیا تھا۔ سنجے سنگھ نے ای ڈی کو قانونی نوٹس دیا۔ اس قانونی نوٹس سے خوفزدہ ہو کر ای ڈی کا تحریری جواب آیا کہ انہوں نے غلطی سے سنجے سنگھ کا نام ڈال دیا جو بہت حیرانی کی بات ہے۔“
مسٹر بھاردواج نے کہاکہ”سنجے سنگھ کے ساتھیوں اجیت تیاگی، وویک تیاگی اور سرویش مشرا کے گھر پر آج ای ڈی نے چھاپے ماری کی۔ یہ کھلے طور پر ہٹلر شاہی اور آمرانہ ہے۔اتنا تو اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے بھی ایمرجنسی کے دوران نہیں کیاتھا، جتنا آج بھارتیہ جنتا پارٹی کر رہی ہے۔ ہر ایک آواز اور سوال اٹھانے والی اپوزیشن لیڈر کو کھلے عام نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ بہت حیرانی کی بات ہے۔