Masarrat
Masarrat Urdu

جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس اختتام پذیر:آخری روز مندوبین نے مغل باغات کی سیر کی،گولف کھیلا

Thumb

سری نگر،24 مئی (مسرت ڈاٹ کام)  سری نگر میں منعقد ہونے والا سہہ روزہ تاریخی جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس بدھ کے روز اختتام پذیر ہوا۔

اجلاس کے آخری دن برستی بارشوں کے بیچ مندوبین مختلف سرگرمیوں میں مصروف رہے اور وہ مغل باغات کی پر کیف و دلکش نظاروں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مندوبین نے بدھ کی صبح، گرینڈ للت ہوٹل جہاں وہ مقیم تھے، کے وسیع احاطے میں یوگا سیشن میں حصہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ مندوبین اور بھارت کی جی ٹونٹی کے شرپا امیتاب کانٹ نے چشمہ شاہی کے نزدیک واقع رائیل سپرنگ گالف کورس میں گالف بھی کھلیا۔
بعد ازاں مندوبین  نے شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے پر واقع مشہور مغل باغ نشاط  باغ کی سیر کی اور اس کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔
اس باغ میں مندوبین کو سیاحوں کے ساتھ تصویریں کھینچتے ہوئے دیکھا گیا اور بعض خواتین مندوبین نے کشمیر کا مخصوص روایتی لباس زیب تن کرکے گروپ تصویریں بھی کھینچیں۔
بعد سہہ مندوبین نے لالچوک میں واقع سری نگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت آراستہ و پیراستہ پولوویو مارکیٹ کا دورہ کیا۔
یو این آئی نمائندے کے مطابق مندوبین نے اس مارکیٹ میں قریب ایک گھنٹے تک قیام کیا اور اس دوران انہوں نے مختلف قسموں کی چیزوں خاص طور پر ڈرائی فروٹ اور کشمیری شال وغیرہ کی شاپنگ کی۔
اس موقع پر نیدر لینڈز کے سفیر جوائس نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس سے بہتر نتائج بر آمد ہونے کی توقع رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بہت ہی خوبصورت جگہ ہے اور حکومت نے بھی اس اجلاس کے لئے بہترین انتظامات کئے ہوئے تھے۔
بتادیں کہ سری نگر میں 22 مئی کو سہہ روزہ جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس شروع ہوا تھا۔
یہ دفعہ 370 کی تنیسخ کے بعد جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والا سب سے برا بین الاقوامی سطح کا اجلاس ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انتہائی اہمیت کے حامل اس اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے زائد از 70 مندوبین پیر کی صبح  دہلی سے دو چارٹرڈ  پروازوں کے ذریعے سری نگر پہنچے تھے۔
وادی کشمیر میں منعقد ہونے والے اس سہہ روزہ اجلاس کی نگرانی کے لئے تین درجے کی سیکورٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سیکورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کماننڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ فضائی نگرانی کے لئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔

Ads