کانگریس رہنماؤں سونیا گاندھی، ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی سمیت انڈیا اتحاد کے کئی اہم رہنما ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن سے ملاقات کے لیے چنئی پہنچے۔ انہوں نے اسٹالن سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کے تحفظ کے پیش نظر حد بندی بل کی حمایت کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔
قابل ذکر ہے کہ فعال سیاست سے دور رہنے والی سونیا گاندھی نے تین چار سال بعد اور ایک دہائی سے زائد عرصے میں تیسری مرتبہ چنئی کا دورہ کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب ڈی ایم کے کی جانب سے مودی حکومت کے حد بندی بل کی حمایت کے اعلان اور پارٹی وفد کی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے محض ایک روز بعد سونیا گاندھی نے اس معاملے پر سیاسی مہم کی قیادت کی۔
رپورٹ کے مطابق، اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس کی جانب سے ڈی ایم کے کا ساتھ چھوڑ کر جوزف وجے کی ٹی وی کے حکومت میں شامل ہونے کے بعد ڈی ایم کے نے انڈیا اتحاد سے دوری اختیار کر لی تھی۔ ڈی ایم کے نے پارلیمنٹ میں بھی کانگریس سے فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے الگ نشستوں کا انتظام حاصل کیا تھا۔
الورپیٹ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر تقریباً ایک گھنٹے کی ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسٹالن نے کہاکہ ’’سونیا گاندھی، کھڑگے، راہل اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنے خدشات اور درخواستیں ہمارے سامنے رکھیں۔ میں نے انہیں اس بل کے بارے میں اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ ہمارا موقف یہ ہے کہ یہ بل تمل ناڈو اور جنوبی ریاستوں کو کم از کم تحفظ فراہم کرنے کا ایک موقع ہے۔ موجودہ حد بندی پر عائد پابندی اس سال ختم ہونے والی ہے، جس کے بعد تمل ناڈو اور جنوبی ریاستوں کے لیے یہ زندگی اور موت کا مسئلہ بن سکتا ہے۔ اس کا کوئی دوسرا قابلِ اعتبار متبادل موجود نہیں ہے۔‘‘
اسٹالن نے مزید کہاکہ ’’اگر یہ بل منظور نہیں ہوتا تو تمل ناڈو اور دیگر جنوبی ریاستیں کم از کم تحفظ سے بھی محروم ہو جائیں گی۔ موجودہ پابندی ختم ہونے کے بعد پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت کے ذریعے حد بندی نافذ کی جا سکتی ہے، جبکہ اس وقت اس کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ اسے روکنے کے لیے پارلیمنٹ میں کوئی حمایت موجود نہیں ہے۔ اس لیے بل کی حمایت کے سوا کوئی راستہ نہیں بچتا۔‘‘
اتحاد میں تبدیلی کے امکان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اسٹالن نے کہاکہ ’’تمل ناڈو سب سے پہلے ہے۔ ماضی میں بھی ہمارا یہی موقف تھا، آج بھی یہی ہے اور مستقبل میں بھی یہی رہے گا۔‘‘
ملاقات کے آغاز میں اسٹالن اور راہل گاندھی نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر گرم جوشی سے استقبال کیا۔ اسٹالن کے ساتھ کنیموزی اور ادھیاندھی نے بھی دروازے پر پہنچ کر مہمان رہنماؤں کا خیرمقدم کیا۔ تاہم، ملاقات کے بعد انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کے چہروں پر مایوسی نمایاں تھی۔ واپسی کے وقت کسی نے بھی ہاتھ اٹھا کر استقبال کا جواب نہیں دیا۔ راہل گاندھی موبائل فون دیکھتے رہے، جبکہ دیگر رہنما بھی سنجیدہ اور مایوس دکھائی دیے۔
