Masarrat
Masarrat Urdu

حد بندی بل پر مشاورت کے لیے سونیا، راہل اور کھرگے چنئی پہنچے، اسٹالن سے اہم ملاقات

Thumb

نئی دہلی/چنئی، 29 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) پارلیمنٹ میں پیر کو پیش کیے جانے والے مجوزہ حد بندی بل کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مشاورت کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ اسی ضمن میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اتوار کو چنئی پہنچے، جہاں انہوں نے ڈی ایم کے کے صدر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن سے ملاقات کرکے بل کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

اس ملاقات کا مقصد حد بندی بل کے بارے میں ڈی ایم کے اور کانگریس سمیت انڈیا اتحاد کی جماعتوں کے درمیان مشترکہ حکمت عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر اتفاق رائے پیدا کرنا تھا۔ مجوزہ بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے سے قبل اپوزیشن رہنماؤں کی یہ ملاقات سیاسی اعتبار سے اہم سمجھی جارہی ہے۔

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے چنئی پہنچنے اور اسٹالن سے ملاقات کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ انڈیا اتحاد کے بعض دیگر رہنما بھی ڈی ایم کے صدر سے ملاقات کے لیے چنئی پہنچے ہیں۔ راہل گاندھی کے مطابق، مشاورت مکمل ہونے کے بعد کیے گئے فیصلوں اور ان کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

دریں اثنا، ڈی ایم کے کی رکن پارلیمنٹ کنی موزھی نے چنئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی حلقوں کی حد بندی کے معاملے پر ان کی پارٹی کا موقف پہلے ہی واضح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی صدر ایم کے اسٹالن نے اس سلسلے میں ارکان پارلیمنٹ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے اور اس معاملے میں ان کا فیصلہ ہی پارٹی کا حتمی موقف ہوگا۔

کنی موزھی نے واضح کیا کہ انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کے بعد پارٹی اپنے آئندہ کے فیصلے اور موقف کی تفصیلات پیش کرے گی۔

حد بندی بل کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کی اس مشاورت کو پارلیمنٹ میں ہونے والی آئندہ بحث کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

Ads