تہران، 29 نومبر(مسرت ڈاٹ کام) صدر ایران نے یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع میں ایرانی بحریہ کے جوانوں کی قربانیاں ایران کی قابل فخر تاریخ کا ناقابل فراموش حصہ ہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے یوم کے موقع پر اپنے پیغام میں 28 نومبر کے تاریخی معرکے اور آپریشن مروارید کا ذکر کرتے ہوئے اسے بحریہ کے جوانوں کے عزم و استقامت اور ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے دفاع مقدس اور ایران پر مسلط کردہ جنگوں کے تلخ تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ میں وطن کے محافظوں کی قربانیوں اور فداکاریوں پر زور دیا۔
صدر پزشکیان نے آبنائے ہرمز سمیت خطے کے سمندروں اور آبی گزرگاہوں کی تزویراتی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے قومی خودمختاری کے تحفظ، سمندری سرحدوں کی حفاظت اور بحری راستوں کی سلامتی یقینی بنانے میں بحریہ کے کردار کو اہم قرار دیا۔
انہوں نے مقامی علم و ٹیکنالوجی، ماہر افرادی قوت اور صنعتی صلاحیتوں پر انحصار کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی تیاریوں کو مضبوط بنانے اور فوج و سپاہ کی بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی سے پائیدار سلامتی کے فروغ اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے سمندری وسائل سے بہتر استفادہ کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
