کانگریس جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے بدھ کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ووٹ چوری کے مکمل دستاویزی ثبوت سامنے رکھے ہیں۔ مہادیو پورہ میں فرضی اور دوہرے ووٹر اندراجات، آنند میں ہزاروں حقیقی ووٹروں کے نام حذف کرنے کی کوششوں اور ہریانہ نیز دیگر ریاستوں میں بے ضابطگیوں سے ووٹر فہرستوں میں بڑے پیمانے پر ہیرا پھیری کا پتہ چلتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کمیشن نے ان معاملات کی غیر جانبدارانہ جانچ کرانے کے بجائے ثبوتوں کو مسترد کیا اور الٹا مسٹر گاندھی سے حلف نامہ طلب کیا۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی اور الیکشن کمشنروں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے والی ترمیم پر بھی سوالات اٹھائے اور الزام لگایا کہ ان تبدیلیوں سے کمیشن کی خودمختاری متاثر ہوئی ہے۔
مسٹر وینوگوپال نے بتایا کہ تمام ریاستی کانگریس کمیٹیاں کل یومِ دستور کے موقع پر بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر یا مہاتما گاندھی کے مجسمے سے مارچ کا آغاز کریں گی۔ اس دوران آئین کی تمہید پڑھنے کے ساتھ ہی آئین کے تحفظ کا حلف بھی لیا جائے گا۔ ’ووٹ رکشک‘ مہم کے تحت کانگریس کارکنان پولنگ مراکز پر ہٹائے کیے گئے ووٹروں کے ناموں کی تصدیق کر کے انہیں ووٹ ڈالنے کا حق واپس دلانے میں مدد کریں گے۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اس مارچ میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران کانگریس صدر ملکارجن کھرگے لکھنؤ میں منعقد ہونے والے مارچ میں شریک ہوں گے۔
