Masarrat
Masarrat Urdu

آئی ایم سی آر کی جانب سے اے ایم یو کے نومنتخب طلبہ عہدیداران کے اعزاز میں تقریب

Thumb

نئی دہلی، 25 نومبر(مسرت ڈاٹ کام) انڈین مسلمس فار سول رائٹس (آئی ایم سی آر) کے زیر اہتمام دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) اسٹوڈنٹس یونین کے نومنتخب عہدیداران اور دیگر طلبہ لیڈران کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ یونین کی بحالی کا مطالبہ کرنے والے طلبہ اور میوات کالج میں بھوک ہڑتال کرنے والے طلبہ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ اطلاع پریس کے لیے جاری ایک ریلیز میں دی گئی۔

تقریب میں سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید، سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب، محمد علی اشرف فاطمی، میجر جنرل جاوید اقبال (ریٹائرڈ)، سابق طلبہ یونین صدر پروفیسر بصیر احمد، ارجن ایوارڈ یافتہ اور سابق ہندوستانی ہاکی کپتان ظفر اقبال اور سابق رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی سمیت متعدد سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد نوجوان طلبہ قیادت کی حوصلہ افزائی، طلبہ حقوق اور تعلیمی اداروں کی جمہوری روایات کے تحفظ کے ساتھ قومی سیاست میں ان کے مؤثر کردار کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔

مہمان خصوصی سلمان خورشید نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے بدلتے سیاسی و سماجی حالات میں طلبہ لیڈران کو بصیرت، دانش مندی اور سیاسی سوجھ بوجھ کے ساتھ خود کو تیار کرنا ہوگا۔ انہیں وسیع قومی نقطۂ نظر اختیار کرتے ہوئے معاشرے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

آئی ایم سی آر کے چیئرمین اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب نے کہا کہ آٹھ سال کے وقفے کے بعد اے ایم یو میں اسٹوڈنٹس یونین کی بحالی طلبہ کے جمہوری حقوق اور یونیورسٹی کی تاریخی روایات کے تسلسل کے اعتبار سے اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کے وقار، علمی و تہذیبی شناخت اور جمہوری روایات کا تحفظ کرتے ہوئے قومی سطح پر بھی فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ طلبہ کو کسی بھی تعاون یا رہنمائی کی ضرورت پڑنے پر آئی ایم سی آر ان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

سابق مرکزی وزیر محمد علی اشرف فاطمی نے کہا کہ آج طلبہ سیاست میں سرگرم نوجوان مستقبل میں پارلیمنٹ اور اسمبلیوں تک پہنچ کر ملک کی قیادت کرسکتے ہیں۔ اس لیے انہیں سرسید احمد خان کے تعلیمی و اصلاحی مشن اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی روایات کو ہمیشہ پیش نظر رکھنا چاہیے۔

میجر جنرل جاوید اقبال نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ سیاست اور عوامی زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے جوش کے ساتھ حکمت، نظم و ضبط اور دوراندیشی کو بھی اپنائیں۔

اس موقع پر اے ایم یو اسٹوڈنٹس یونین کے نومنتخب صدر نعمان اشرف، نائب صدر نشرہ نعیم اور سکریٹری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دیگر مقررین نے طلبہ قیادت، جمہوری حقوق اور نوجوانوں کی سماجی و سیاسی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ، پروفیسر اختر الواسع، سابق طلبہ یونین صدر ایڈووکیٹ زیڈ کے فیضان اور ڈاکٹر محسن رضا کے پیغامات بھی سنائے گئے۔

پروگرام کی نظامت اے ایم یو اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر اور آئی ایم سی آر کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر اعظم بیگ نے کی۔ تقریب کا اختتام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ترانے اور قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔

 

Ads