مسٹر مودی نے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے حادثے میں ہلاک ہونے والے ہر شخص کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کی ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا، "راجستھان کے کوٹا میں ہونے والے دردناک حادثے میں لوگوں کی موت کی خبر سن کر انتہائی دکھ ہوا۔ غم کی اس گھڑی میں میری تعزیت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔"
موصولہ اطلاع کے مطابق ہفتہ کی دیر رات تقریباً ایک بجے کوٹا-ادے پور قومی شاہراہ پر شمبھو پورہ گاؤں کے قریب یہ کروزر گاڑی سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت نو افراد کی جان چلی گئی۔
حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو کوٹا کے نیو میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مہاراشٹر کے یہ باشندے سیکر ضلع میں واقع کھاٹو شیام مندر میں درشن کر کے واپس لوٹ رہے تھے۔
