Masarrat
Masarrat Urdu

قطر اور جرمنی کا ایران اور یمن سے متعلق مشترکہ معاندانہ اعلامیہ

  • 22 Nov 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 22 نومبر  (مسرت ڈاٹ کام) قطر اور جرمنی نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے، ایران کے جوہری پروگرام کے پُرامن ہونے کا ذکر کیے بغیر دعویٰ کیا ہے کہ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ تہران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار تیار کرنے یا حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ قطر اور جرمنی نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مغربی۔صہیونی محور کی ایران مخالف پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھا اور صہیونی حکومت کے غیر نگرانی شدہ جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے کا کوئی ذکر کیے بغیر دعویٰ کیا ہے کہ ہم ایران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

برلن اور دوحہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں ایران کے جوہری پروگرام کے پُرامن ہونے کا ذکر کیے بغیر دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار تیار کرنے یا حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔

برلن اور دوحہ نے امریکہ اور صہیونی حکومت کی جانب سے ایران کی سرزمین پر کی جانے والی غیر قانونی جارحیت کی مذمت کیے بغیر یکطرفہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ہم تجارتی بحری جہازوں کے خلاف ایران کے حملوں اور دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت میں خلل ڈالنے والے کسی بھی اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔

اس اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم یمن میں حوثیوں (یمن کی فوج اور عوام) کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف کیے جانے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں اور ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر تمام فوجی کارروائیاں بند کریں۔ ہم ایران سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان کی عسکری معاونت اور حمایت بند کرے۔ ہم یمن کے اتحاد اور خودمختاری کے حوالے سے اپنے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہیں۔

Ads