Masarrat
Masarrat Urdu

منی پور میں زہریلی شراب سے اموات کے لیے بی جے پی حکومت ذمہ دار: راہل

Thumb

نئی دہلی، 21 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس رہنما راہل گاندھی نے منی پور میں زہریلی شراب پینے سے کئی افراد کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کے لیے ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مسٹر گاندھی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا، ’’منی پور میں زہریلی شراب سے کئی افراد کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اسپتال میں زیر علاج افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔‘‘

انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا، ’’یہ حادثہ نہیں بلکہ ریاست کی بی جے پی حکومت کی لاپروائی کا نتیجہ ہے۔ پہلے تشدد نے سیکڑوں گھر اجاڑ دیے، اب زہریلی شراب تباہی مچا رہی ہے اور حکومت اب بھی سو رہی ہے۔‘‘

مسٹر گاندھی نے قصورواروں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو بلا تاخیر مکمل امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

Ads