Masarrat
Masarrat Urdu

مرکز نے معذوری کے تعین کے ضابطوں میں ترمیم کی، میڈیکل بورڈ میں نجی ڈاکٹروں کی شمولیت کی اجازت

Thumb

نئی دہلی، 20 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے معذوری کے تعین سے متعلق رہنما اصولوں میں ترمیم کرتے ہوئے بچوں اور بالغوں کی طبی جانچ اور معذوری کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے یکساں معیار مقرر کیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اہل نجی ڈاکٹروں کو میڈیکل بورڈ میں شامل کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے اور معذوری کے سرٹیفکیٹ اور منفرد معذوری شناختی کارڈ (یو ڈی آئی ڈی) جاری کرنے کے لیے شرائط بھی طے کی گئی ہیں۔

وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات نے معذور افراد کے حقوق کے قانون 2016 کے تحت ان ترمیم شدہ رہنما اصولوں کو جاری کیا ہے۔ یہ نئے ضابطے 19 نومبر کو گزٹ آف انڈیا میں شائع کیے گئے۔ ان کے تحت مارچ 2024 میں جاری کیے گئے رہنما اصولوں کی جگہ نیا نظام نافذ کیا گیا ہے، تاہم پرانے ضابطوں کے تحت پہلے ہی کی گئی کارروائیوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

ترمیم شدہ ضابطوں میں معذوری کی 8 وسیع اقسام شامل ہیں۔ ان میں جسمانی نقل و حرکت سے متعلق معذوری، بصارت کی کمزوری، سماعت اور گویائی سے متعلق معذوری، ذہنی اور مخصوص تعلیمی معذوریاں، آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر، ذہنی بیماری، خون سے متعلق امراض، متعدد معذوریاں اور اعصابی نظام کی دائمی بیماریاں شامل ہیں۔

مستقل معذوری کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے عام طور پر بیماری کی کم از کم 2 سال کی مدت ضروری ہوگی اور مناسب علاج کے بعد باقی رہ جانے والی معذوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ تاہم شدید یا انتہائی سنگین معاملات میں میڈیکل بورڈ بیماری کی مدت 2 سال سے کم ہونے کے باوجود مستقل معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کر سکتا ہے۔

جن افراد کو مقررہ معیاری علاج نہیں ملا ہے، انہیں ایک مخصوص مدت کے لیے معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکتا ہے، جس کے بعد مقررہ ضابطوں کے مطابق دوبارہ طبی جانچ کی جائے گی۔

ان رہنما اصولوں میں معذوری کا تعین کرنے والے ماہر ڈاکٹروں کی کمی کے مسئلے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’’معذوری کے تعین کے معاملات میں بڑی تعداد میں مقدمات زیر التوا ہونے کی وجہ ماہر ڈاکٹروں کی کمی ہے۔‘‘ اس کے پیش نظر مخصوص میڈیکل بورڈ کے چیئرپرسن کو ضرورت پڑنے پر مناسب اہلیت رکھنے والے نجی ڈاکٹروں کو بورڈ میں شامل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

تاہم، میڈیکل بورڈ کی سربراہی کسی سرکاری ڈاکٹر کے پاس ہی رہے گی، جیسے چیف میڈیکل افسر، سول سرجن یا دیگر نامزد طبی اتھارٹی۔

جسمانی نقل و حرکت سے متعلق معذوری کے معاملے میں نئے رہنما اصولوں کے تحت جسمانی حرکت، پٹھوں کی طاقت، جسمانی ہم آہنگی اور روزمرہ کے کام انجام دینے کی صلاحیت میں کمی کی تفصیلی پیمائش ضروری ہوگی۔ مخصوص اعضا کی کٹائی کے معاملات کو چھوڑ کر، علامات 6 ماہ تک برقرار رہنے کے بعد عارضی معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

جسمانی نقل و حرکت سے متعلق ان ضابطوں کے تحت معذوری کا سرٹیفکیٹ 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد جاری کرنے کی سہولت ہوگی۔ متعلقہ شخص کی درخواست یا کسی ماہر کی سفارش پر ہر 10 سال بعد دوبارہ جانچ بھی کی جا سکے گی۔

ان رہنما اصولوں میں سماعت اور بصارت کی کمزوری، خون سے متعلق امراض اور اعصابی نظام کی دائمی بیماریوں کا جائزہ لینے کے طریقے بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ معذوری کی شرح طے کرنے کے لیے بھی معیار وضع کیے گئے ہیں۔

مرکزی وزارت صحت کے تحت ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو معذوری کی تعریف، درجہ بندی اور جانچ کے طریقہ کار کی تشریح سے متعلق کسی بھی تنازع یا شبہے کو حل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس نوٹی فکیشن کا بنیادی مقصد طبی جانچ اور معذوری کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے طریقہ کار کو بہتر بنانا ہے۔ اس میں معذور افراد کے لیے ریزرویشن کے کوٹے یا مالی فوائد سے متعلق کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

 

Ads