Masarrat
Masarrat Urdu

ریاض میں حوثی حملے سے عمارت کو نقصان، کوئی جانی نقصان نہیں

Thumb

ریاض، 19 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع ’کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ‘ (کے اے ایف ڈی) کے ایک ٹاور کو جمعرات کے روز حوثی ملیشیا کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں اس کی کئی منزلوں اور آس پاس کی عمارتوں کو مادی نقصان پہنچا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مقامی میڈیا نے سعودی شہری دفاعی ٹیم کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ شہری دفاع کے سرکاری ترجمان کے مطابق مالیاتی سرگرمیوں سے متعلق ایک ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کے بعد ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچیں اور راحت و حفاظتی اقدامات شروع کردیے۔ حملے میں ٹاور کی کئی منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا، تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ترجمان نے شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

دریں اثنا، سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے ریاض میں شہری اور اقتصادی اداروں کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔ وزارت نے اپنی خودمختاری کے دفاع، قومی اثاثوں کے تحفظ اور شہریوں و رہائشیوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے سعودی عرب کے مکمل اور جائز حق کی توثیق کی۔

بیان میں زور دے کر کہا گیا کہ سعودی عرب اپنی سرزمین یا قومی اثاثوں کو نشانہ بنانے والے کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کرے گا اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ضروری کارروائی کرے گا۔ وزارت نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور حوثی ملیشیا کے ان حملوں کی مذمت کریں جو علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

 

Ads