جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورالے پر مشتمل بنچ نے ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ صرف عبوری ضمانت سے متعلق ہے۔
بنچ نے واضح کیا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے دیے گئے مشاہدات ابتدائی نوعیت کے ہیں اور ان سے مقدمے کے حتمی فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
ای ڈی کی جانب سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے دلیل دی کہ اعظم خان کو گرفتاری کی وجوہات فراہم کردی گئی تھیں۔ انہوں نے الہ آباد ہائی کورٹ کے اس ابتدائی مشاہدے پر بھی سوال اٹھایا کہ گرفتاری بدنیتی پر مبنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی کو اپنا جواب داخل کرنے کے لیے مناسب وقت دیے بغیر عجلت میں عبوری ضمانت کا حکم جاری کردیا گیا۔ اعظم خان کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل پیش ہوئے۔
ای ڈی نے اعظم خان کو 31 اکتوبر کو ایک دوسرے معاملے میں جیل سے رہائی کے فوراً بعد گرفتار کیا تھا۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے 17 نومبر کو انہیں عبوری ضمانت دیتے ہوئے مشاہدہ کیا تھا کہ بادی النظر میں گرفتاری بدنیتی اور غلط مقاصد سے متاثر معلوم ہوتی ہے۔
ای ڈی کا معاملہ جعل سازی کے ایک مقدمے سے منسلک ہے، جس میں اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ کو گزشتہ سال نومبر میں رام پور کی ایک عدالت نے جعل سازی، دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش سے متعلق تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت قصوروار قرار دیا تھا۔
یہ معاملہ 2019 میں بی جے پی رہنما آکاش سکسینہ کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر سے شروع ہوا تھا۔ اس میں الزام لگایا گیا تھا کہ عبداللہ نے 2017 کے اسمبلی انتخابات لڑنے کی اہلیت حاصل کرنے کے لیے مختلف تاریخ پیدائش والے دو پین کارڈ استعمال کیے تھے۔ استغاثہ کے مطابق انہوں نے اپنے والد کی ملی بھگت سے تاریخ پیدائش یکم جنوری 1993 سے تبدیل کرکے 30 ستمبر 1990 کرلی تھی۔
