فوڈ سیفٹی محکمۂ کی ٹیم نے منگل کو موری گیٹ واقع کھویا منڈی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً سات ہزار کلوگرام گندا اور بدبودار کھویا ضبط کرکے تلف کر دیا۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے خود موقع پر پہنچ کر کارروائی کا معائنہ کیا اور افسران سے مہم کی تفصیلات حاصل کیں۔
محترمہ گپتا نے کہا کہ عوامی صحت کے ساتھ کسی بھی طرح کا کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تہواروں کے دوران لوگوں کو محفوظ اور معیاری غذائی اشیا فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ میں ملوث افراد خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، انہیں قانون کے دائرے میں لا کر ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی بھی مشتبہ غذائی شے بازار کے ذریعے لوگوں کی تھالی تک نہ پہنچے۔
فوڈ سیفٹی محکمۂ کی ٹیم نے موری گیٹ کھویا منڈی میں مہم کے دوران کل 44 نگرانی کے نمونے جمع کیے۔ ان کی موقع پر ہی ’فوڈ سیفٹی آن وھیلز‘ موبائل ٹیسٹنگ سہولت کے ذریعے ابتدائی جانچ کی گئی، جس میں 35 نمونے جانچ میں ناکام پائے گئے۔ اس کے علاوہ دو مزید نمونے بھی لیے گئے ہیں، جنہیں تفصیلی جانچ کے لیے تجربہ گاہ بھیج دیا گیا ہے۔ ابتدائی جانچ میں مشتبہ کھوئے میں دودھ کے پاؤڈر، وناسپتی اور اشیا کو باندھنے کے لیے استعمال ہونے والے مادّوں کی موجودگی کے اشارے ملے ہیں۔ ان کی اصل صورت حال کی تصدیق کے لیے تجربہ گاہ میں جانچ کرائی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کارروائی کے لیے فوڈ سیفٹی محکمۂ کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ افسران کی مستعدی اور بروقت کارروائی سے ملاوٹ جیسی سرگرمیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے افسران کو اسی مستعدی اور عزم کے ساتھ مہم جاری رکھنے کی ہدایت دی۔
محترمہ گپتا نے کہا کہ دیوالی کی خوشیوں میں زہر گھولنے والوں کے لیے دہلی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ حکومت کا مقصد صرف ملاوٹی غذائی اشیا ضبط کرنا نہیں، بلکہ ایسی سرگرمیوں پر مؤثر روک لگانا بھی ہے۔
