31 سالہ ربادا نے یہ سنگ میل صرف 13 ہزار 808 گیندوں پر عبور کیا، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی گیندباز کی جانب سے 350 وکٹیں حاصل کرنے کے لیے کم ترین گیندیں ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے سابق عظیم فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے پاس تھا، جنہوں نے 14 ہزار 719 گیندوں پر 350 وکٹیں مکمل کی تھیں۔
ربادا نے اپنے 75ویں ٹیسٹ میچ میں 350 وکٹیں مکمل کیں، جبکہ اسٹین نے یہ اعزاز 69 ٹیسٹ میچوں میں حاصل کیا تھا۔ وہ 350 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے جنوبی افریقہ کے چوتھے فاسٹ بولر بھی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل ڈیل اسٹین، شان پولاک اور مکھایا نتینی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں ربادا نے پہلے ہی اوور میں مارنس لبوشین اور میٹ رینشا کو آؤٹ کرکے اپنی خطرناک گیندبازی کا مظاہرہ کیا۔ کچھ ہی دیر بعد ٹریوس ہیڈ ان کی 350ویں ٹیسٹ وکٹ بن گئے۔
