Masarrat
Masarrat Urdu

طلبہ کے خلاف طاقت کے استعمال پر راہل کا مرکز پر حملہ، کہا- وزیرِ تعلیم استعفیٰ دیں، وزیرِ اعظم معافی مانگیں

Thumb

نئی دہلی، 22 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے طلبہ کےخلاف پولیس کارروائی نیز مسلسل ہو رہے پیپر لیک کے معاملے پر مرکزی حکومت کو گھیرتے ہوئے بدھ کو کہا کہ پرامن مظاہرہ کر رہے طلبہ کے خلاف طاقت کا استعمال پوری طرح غیر مناسب ہے اور اس معاملے میں وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دینا چاہیے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کو طلبہ سے معافی مانگنی چاہیے۔

مسٹر گاندھی نے آج یہاں اندرا بھون میں واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ سوال یہ ہے کہ جب طلبہ پرامن طریقے سے مظاہرہ کر رہے تھے تو ان کے خلاف لاٹھی چارج اور طاقت کا استعمال کیوں کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سکیورٹی فورسز نے طلبہ کے ساتھ بربریت کی، انہیں پیٹا گیا اور آج طلبہ کے درمیان خوف اور تناؤ کا ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ صرف نظامِ تعلیم میں اصلاح کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پچھلے 10 سال میں 152 بار مختلف امتحانات کے پیپر لیک ہوئے ہیں، جس سے 7.5 کروڑ طلبہ اور ان کے خاندانوں کا مستقبل متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل پیپر لیک ہونے کے باوجود کسی بھی گنہگار کو سزا نہیں ملی ہے اور اس سے ملک کا نظامِ تعلیم پوری طرح کمزور ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ کے مستقبل کے ساتھ "چوری" ہے۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ طلبہ کا یہ مطالبہ پوری طرح جائز ہے کہ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان استعفیٰ دیں۔ وزیرِ تعلیم نے نظامِ تعلیم کو برباد کر دیا ہے اور انہیں اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے طلبہ سے عوامی طور پر معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ کانگریس طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیرِ اعظم رہائش گاہ کے باہر اپوزیشن کے مظاہرے پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، "اگر طلبہ سڑک پر ہیں تو اپوزیشن کو بھی سڑک پر ہونا چاہیے۔"

قابلِ ذکر ہے کہ پیپر لیک اور طلبہ پر مبینہ پولیس کارروائی کی مخالفت میں مسٹر گاندھی منگل کو کانگریس ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ وزیرِ اعظم رہائش گاہ کے قریب دھرنے پر بیٹھے تھے۔ اس کے بعد دہلی پولیس نے انہیں اور کئی ارکانِ پارلیمنٹ کو حراست میں لیا تھا۔

 

Ads