Masarrat
Masarrat Urdu

سپریم کورٹ کا بھوج شالہ معاملے میں نماز کے لیے عبوری راحت سے انکار

Thumb

نئی دہلی، 14 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے منگل کو مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں بھوج شالہ۔کمال مولا احاطے کو دیوی سرسوتی کے لیے وقف مندر قرار دینے اور اس جگہ پر نماز ادا کرنے پر روک لگانے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔

چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہن کی بنچ نے البتہ، اس پرانے انتظام کو بحال کرنے والی عبوری راحت دینے سے انکار کر دیا، جس کے تحت مسلمانوں کو جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت تھی جبکہ ہندو طے شدہ دنوں میں پوجا کرتے تھے۔

بنچ نے مدھیہ پردیش حکومت کو ہدایت دی کہ وہ مسلم فریق کو جمعہ کی نماز دوپہر ایک بجے سے تین بجے کے درمیان ادا کرنے کے لیے متنازعہ جگہ سے متصل ایک الگ کھلا مقام فراہم کرے۔ عدالت نے واضح کیا کہ یہ انتظام مکمل طور پر عارضی ہے، جو معاملے کے حتمی نتیجے کے تابع ہوگا اور اس سے کسی بھی فریق کے حقوق یا دعوؤں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

قابلِ ذکر ہے کہ بھوج شالہ۔کمال مولا احاطہ طویل عرصے سے متنازعہ رہا ہے، جس میں ہندو اسے دیوی سرسوتی کے لیے وقف بھوج شالہ مندر ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور مسلم فریق اسے کمال مولا مسجد بتاتے ہیں۔ گزشتہ 15 مئی کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کی رپورٹ کی بنیاد پر حکم صادرکیا تھا کہ یہ جگہ ایک مندر ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہائی کورٹ نے ہندوؤں کو پوجا اور مسلمانوں کو جمعہ کی نماز الگ الگ دنوں میں کرنے کی اجازت دینے والے سال 2003 کے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے انتظام کو منسوخ کر دیا تھا اور کہا تھا کہ مسلم فریق مسجد کے لیے متبادل زمین تلاش کر سکتے ہیں۔

اعلیٰ ترین عدالت میں دائر عرضیاں اس فیصلے کو چیلنج کرتی ہیں۔ ان میں دلیل دی گئی ہے کہ یہ فیصلہ ملکیتی حق پر فیصلہ نہ دینے کی بات کہنے کے باوجود موثر طریقے سے اس جگہ کے مذہبی کردار کو طے کرتا ہے۔

عرضیوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے تقریباً دو دہائی پرانے انتظام کو ختم کرنا مسلم کمیونٹی کے مذہبی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور یہ بقائے باہم کے ایک طویل مدتی انتظام کو بگاڑتا ہے۔

 

Ads