تہران، یکم جولائی (مسرت ڈاٹ کام) امریکی اخبار کے مطابق، ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کی شرائط پوری نہ ہوئیں اور آبنائے ہرمز سے متعلق مغربی منصوبے جاری رہے تو یہ آبی گزرگاہ دوبارہ بند کی جاسکتی ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعوی کیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلابِ اسلامی نے قطری ثالثوں کے ذریعے امریکہ اور یورپی ممالک کو ایک انتباہی پیغام بھیجا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وال اسٹریٹ جرنل نے باخبر ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ سپاہ پاسداران نے مغربی فریقوں کو بھیجے گئے پیغام میں بعض اہم مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز پر ایران کے مکمل کنٹرول کی ضمانت فراہم نہ کی گئی اور امریکہ و مغربی ممالک عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے کو استعمال کرنے کے اپنے منصوبوں سے دستبردار نہ ہوئے تو ایران ایک بار پھر آبنائے ہرمز بند کر دے گا۔
