مسٹر وینوگوپال نے منگل کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر وزیر دفاع کے خلاف استحقاق شکنی کی کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2025 میں مسٹر سنگھ نے لوک سبھا میں دعویٰ کیا تھا کہ آپریشن کے دوران کوئی بھی ہندوستانی فوجی شہید نہیں ہوا، جبکہ ایک سال بعد خود مسلح افواج نے چھ جوانوں کے شہید ہونے کی معلومات دی۔
مسٹر وینوگوپال نے کہا کہ اگر چھ جوان ملک کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہوئے، تو ان کی شہادت کی معلومات ملک اور پارلیمنٹ سے کیوں چھپائی گئیں۔ انہوں نے اسے شہید جوانوں کے خاندانوں اور ہندوستانی مسلح افواج کی سنگین توہین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خدمت اور سکیورٹی کےلیئے سب سے بڑی قربانی دینے والے جوانوں کی شہادت کو چھپانا کسی بھی حکومت کے لیے مناسب نہیں ہے۔ ان کا الزام ہے کہ مرکزی حکومت، جو خود کو قوم پرست بتاتی ہے، نے شہیدوں کی قربانی کے سلسلے میں سچ نہیں بتایا۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ پارلیمانی روایات کے مطابق اگر کوئی وزیر ایوان کو گمراہ کرتا ہے یا اہم معلومات چھپاتا ہے، تو یہ استحقاق شکنی اور ایوان کی توہین کے زمرے میں آتا ہے۔
