Masarrat
Masarrat Urdu

جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری، جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملہ، 2 افراد شہید

  • 25 Jun 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بیروت، 25 جون (مسرت ڈاٹ کام) جنوبی لبنان کے علاقے کفررمان کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون حملے میں دو افراد شہید ہوگئے، جبکہ مختلف علاقوں میں جنگ بندی کی مزید خلاف ورزیاں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بدھ کے روز جنوبی لبنان کے قصبے کفررمان کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو افراد شہید ہوگئے۔

لبنان کے جنوبی علاقے کے سول ڈیفنس ادارے کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے دوحہ کفررمان جانے والی دبشہ پہاڑی سڑک پر ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ یہ اطلاعات لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی نشر کی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی مزید خلاف ورزی کرتے ہوئے نبطیہ الفوقہ کے محلہ الدیر میں ایک گاڑی پر فائرنگ کی، جبکہ فوجی بیرک کے قریب ایک اور گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اسی دوران ایک اسرائیلی ڈرون نے بنت جبیل ضلع کے قصبے براشیت پر دو صوتی بم بھی گرائے۔

ادھر سرحدی قصبے عین العرب میں ایک اسرائیلی گشتی دستہ قصبے میں داخل ہوا اور مقامی سربراہ کو ہدایت دی کہ وہ رہائشیوں کو آگاہ کرے کہ وہ شام پانچ بجے تک اپنے گھر خالی کر دیں، بصورت دیگر ان کے مکانات مسمار کر دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ لبنانی فوج نے صرف ایک روز قبل ہی عین العرب جانے والی سڑک دوبارہ کھولی تھی، جس کے بعد طویل عرصے سے بے گھر رہنے والے بعض شہریوں کو اپنے گھروں اور املاک کا جائزہ لینے کے لیے واپس آنے کی اجازت ملی تھی۔

Ads