Masarrat
Masarrat Urdu

میں نے عدالت سے رجوع نہیں کیا: برج بھوشن

Thumb

میں نے عدالت سے رجوع نہیں کیا: برج بھوشن
نئی دہلی، 23 جنوری 2023، ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر اور قیصر گنج سے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نے دہلی حکومت، احتجاج کرنے والے پہلوانوں یا کسی میڈیا تنظیم کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل نہیں کی ہے۔ برج بھوشن نے پیر کو ٹویٹ کرکے یہ جانکاری دی۔
برج بھوشن نے ٹویٹ کیاکہ "میرے یا مجھ سے وابستہ کسی بااختیار شخص کی طرف سے دہلی حکومت، احتجاج کرنے والے پہلوانوں اور نیوز چینلز کے خلاف کوئی درخواست داخل نہیں کی گئی ہے۔ میں نے کسی وکیل، قانونی ایجنسی یا نمائندے کو کسی بھی عدالت میں درخواست جمع کرانے کا  اختیار نہیں دیا ہے۔ ‘‘
واضح رہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ میڈلسٹ وینیش پھوگاٹ، ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا سمیت کئی معزز پہلوانوں نے برج بھوشن پر جنسی استحصال جیسے سنگین الزامات لگائے تھے۔ کئی میڈیا ہاؤسز نے یہ خبر شائع کی کہ برج بھوشن نے پہلوانوں کی طرف سے ذہنی طور پر ہراساں کیے جانے اور ہتک عزت کا الزام لگاتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ کا رخ کیا ہے۔
عدالت جانے کی افواہوں پر مکمل روک لگاتے ہوئے برج بھوشن نے کہاکہ "تمام میڈیا سے درخواست ہے کہ کوئی بھی غیر مصدقہ اور غیر تصدیق شدہ خبر نشر نہ کریں۔ فی الحال موضوع کی حساسیت اور سنجیدگی کے پیش نظر تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ کسی بھی قسم کی افواہ یا گمراہ کن حقائق کو پھیلا کر افراتفری نہ بڑھائیں۔‘‘
انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے ان الزامات کی جانچ کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی چار ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ آئی او اے کو پیش کرے گی۔ اس سلسلے میں وزارت کھیل نے ڈبلیو ایف آئی کی نگرانی کے لیے ایک 'مانیٹرنگ کمیٹی' تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کمیٹی کے قیام تک ریسلنگ فیڈریشن کا کام کاج معطل ہے۔
 

Ads