Masarrat
Masarrat Urdu

وزیر اعظم نریندر مودی نے ایمرجنسی کو آئین پر براہِ راست حملہ قرار دیا

Thumb

نئی دہلی، 25 جون (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے ایمرجنسی کو آئین پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے اس دور میں جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرنے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ملک میں جمعرات کو منائے جانے والے "آئین کے قتل کا دن" کے موقع پر سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں مسٹر مودی نے کہا، "آج ہم اُن تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہندوستان کی تاریخ کے تاریک ترین ادوار میں سے ایک، ایمرجنسی، کے دوران جمہوری اقدار کا ڈٹ کر دفاع کیا۔"

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ہندوستان کے آئین پر براہِ راست حملہ تھی۔ اس دوران اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندیاں عائد کی گئیں، سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، اور اُن اداروں کو نشانہ بنایا گیا جو ہندوستانی جمہوریت کی بنیاد ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس دور نے ایسے بے شمار شہریوں کے غیر معمولی حوصلے کو بھی اجاگر کیا جنہوں نے خاموش رہنے سے انکار کیا اور آئین میں درج اصولوں اور اقدار کا دفاع کیا۔

مسٹر مودی نے کہا کہ آئین 140 کروڑ ہندوستانیوں کی امنگوں، حقوق اور فرائض کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم آئینی اقدار کے تحفظ کے لیے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ آئین کی روح سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ہم ایسے ہندوستان کی تعمیر کریں گے جو ہمیشہ انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کے اصولوں کے لیے وقف رہے گا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "آئین کے قتل کا دن" ہمیں اس سیاہ دور کی یاد دلاتا ہے جب ہندوستانی جمہوریت کو بری طرح کچلا گیا تھا۔ یہ دن ہمیں جمہوریت، آئین اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پُرعزم رہنے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے ایمرجنسی کی مخالفت کرنے والی تمام شخصیات کو بھی یاد کیا۔

واضح رہے کہ "آئین قتل دیوس" ہر سال 25 جون کو منایا جاتا ہے۔ حکومت نے 1975 میں اسی روز اُس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی جانب سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کیے جانے کی یاد میں اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا تھا۔

 

Ads