Masarrat
Masarrat Urdu

ایئر انڈیا کی انتظامیہ میں سابق شہری ہوا بازی سیکریٹری پی ایس کھرولا شامل

Thumb

نئی دہلی، 22 جون (مسرت ڈاٹ کام) ٹاٹا گروپ کی فضائی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ایئر انڈیا نے سابق شہری ہوا بازی سیکریٹری اور نجکاری سے قبل ایئرلائن کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر (سی ایم ڈی) رہے پردیپ سنگھ کھرولا کو اپنی سینئر انتظامی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

مسٹر کھرولا نے ایئر انڈیا کے چیئرمین این۔ چندرشیکھرن کے ایگزیکٹو ایڈوائزر (کارگزار مشیر) کے طور پر کمپنی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ان کی تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔

ان کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایئرلائن کے موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کیمپبل ولسن اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں اور کمپنی ان کے جانشین کی تلاش میں مصروف ہے۔

مسٹر کھرولا دوسری مرتبہ ایئر انڈیا کی انتظامیہ سے وابستہ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل سرکاری خدمات کے دوران وہ 2017 سے 2019 کے درمیان ایئر انڈیا کے سی ایم ڈی رہے تھے۔ اس وقت ایئر انڈیا ایک سرکاری ایئرلائن تھی۔

بعد ازاں وہ شہری ہوا بازی کے سیکریٹری مقرر ہوئے اور ایئر انڈیا کی کامیاب نجکاری میں ان کا اہم کردار رہا۔

مسٹر ولسن نے ایئر انڈیا کے ملازمین کے نام جاری ایک پیغام میں مسٹر کھرولا کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایئر انڈیا کی مینجمنٹ کمیٹی کے مکمل رکن ہوں گے اور ان کا وسیع تجربہ نئے سی ای او کو ذمہ داریوں کی ہموار منتقلی میں نہایت قیمتی ثابت ہوگا۔

مسٹر ولسن نے گزشتہ 7 اپریل کو سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ایئرلائن نے اس وقت کہا تھا کہ نئے سی ای او کی تقرری تک وہ اپنے منصب پر برقرار رہیں گے۔

ایئر انڈیا کے بورڈ نے مسٹر ولسن کے جانشین کی تلاش کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، تاہم اب تک نئے سی ای او کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

 

Ads