Masarrat
Masarrat Urdu

یمنا بازار میں بلڈوزر کارروائی پر کانگریس کا سوال، او زون کے معاملے پر حکومت کو نشانہ

Thumb

نئی دہلی، 22 جون (مسرت ڈاٹ کام) دہلی پردیش کانگریس نے یمنا کے کنارے واقع بستیوں میں جاری بلڈوزر کارروائی کو لے کر ریکھا گپتا حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔

دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے سوال اٹھایا کہ جب وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا تھا کہ او زون میں واقع پرانے مکانات کو نہیں گرایا جائے گا، تو پھر یمنا بازار، کشمیری گیٹ اور دیگر علاقوں میں کارروائی کیوں جاری ہے؟

مسٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی کے باوجود یمنا بازار، براری ملن وہار، جیت پور گڈھا کالونی اور اوکھلا علاقے میں بلڈوزر چلایا جانا حکومت کے قول و فعل میں تضاد کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یمنا بازار میں 310 مکانات کو منہدم کرنے کی کارروائی سے ہزاروں افراد بے گھر ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی خاندان گزشتہ 30 سے 40 برسوں سے یہاں آباد ہیں، لیکن نہ تو ان کا مناسب سروے کیا گیا اور نہ ہی ان کی بازآبادکاری کے لیے کوئی انتظام کیا گیا ہے۔

کانگریس رہنما نے کہا کہ اس کارروائی سے لوگوں کے روزگار اور بچوں کی تعلیم پر بھی سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت کے دور میں 1,739 کالونیوں کو عارضی سرٹیفکیٹ دے کر ترقی کا راستہ ہموار کیا گیا تھا، جبکہ موجودہ حکومت غریبوں کو اجاڑنے کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔

مسٹر یادو نے مرکزی حکومت اور دہلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ یمنا کے سیلابی علاقے، محفوظ جنگلات اور آثارِ قدیمہ کے محکمے (اے ایس آئی) کی زمین سے متعلق 94 کالونیوں میں مجوزہ انہدامی کارروائیوں پر فوری روک لگائی جائے، بلڈوزر کارروائی کے احکامات واپس لیے جائیں اور ان کالونیوں کو باقاعدہ قانونی حیثیت دے کر وہاں رہنے والے لوگوں کے روزگار اور رہائش کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

 

Ads