Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان اور سلوواکیہ نے دوطرفہ تعلقات کو 'جامع شراکت داری' کا درجہ دیا: مودی

Thumb

نئی دہلی/ براتیسلاوا، 15 جون (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے مسلسل بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال میں وسطی یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی سمت میں قدم اٹھاتے ہوئے سلوواکیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو جامع شراکت داری کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

دونوں ممالک نے دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے ایک لیٹر آف انٹینٹ (اظہارِ دلچسپی) پر بھی دستخط کیے۔ سلوواکیہ کے دورے پر گئے مسٹر مودی نے پیر کو یہاں سلوواکیہ کے وزیر اعظم رابرٹ فیکو کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ پریس بیان میں یہ اعلان کیا۔

وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو جامع شراکت داری کا درجہ دینے کے اعلان کا ذکر کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "میرا یہ دورہ کسی بھی ہندوستانی وزیر اعظم کا سلوواکیہ کا پہلا دورہ ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس تاریخی موقع پر ہم نے اپنے تعلقات کو جامع شراکت داری کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ہمارے مشترکہ اعتماد، مشترکہ ترجیحات اور مشترکہ مستقبل کی علامت ہے۔" مسٹر مودی نے ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو جلد از جلد نافذ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کی صنعتوں اور اسٹارٹ اپس کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا، "ہند - یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے میں سلوواکیہ سے ملنے والے تعاون کے لیے میں وزیر اعظم کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم اس کے جلد از جلد نفاذ کے لیے کام کریں گے تاکہ دونوں ممالک کی صنعتیں، اسٹارٹ اپس اور تاجر اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔"

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر انہوں نے کہا، "مجھے خوشی ہے کہ سلوواکیہ کی ایک یونیورسٹی میں اے آئی کے موضوع پر 'انڈین چیئر' قائم کی جا رہی ہے۔ اے آئی انسانیت کی خدمت اور ترقی کا ایک مضبوط ذریعہ بنے، یہی ہماری مشترکہ سوچ ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ اے آئی کا مستقبل صرف جدت سے نہیں بلکہ اعتماد، ذمہ داری اور انسانی وقار پر مبنی ہونا چاہیے۔" دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک نے ایک لیٹر آف انٹینٹ پر بھی دستخط کیے۔ مسٹر مودی نے کہا، "دفاعی تعاون ہمارے گہرے باہمی اعتماد اوراسٹریٹجک ہم آہنگی کا ثبوت ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس اہم شعبے میں آج ہم نے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے ہیں۔ اس سے مشترکہ ترقی، مشترکہ پیداوار اور دفاعی صنعتوں کے درمیان تعاون کو نئی تحریک ملے گی۔"

وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی اور عوامی رابطے تعلقات کو مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ ہندوستان کے قدیم اپنشدوں کا "سلوواک" زبان میں ترجمہ کیا جانا ہماری ثقافتی قربت کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلوواکیہ میں مقیم ہند نژاد لوگ یہاں کی معیشت اور معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

 

Ads