آج یہاں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری سری لنکا کی ٹیم شمار جوزف کی قیادت میں گیند بازوں کے حملے کے آگے مقررہ 20 اوورز میں 169 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دُنیت ویلا لگے نے 28 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کامِل مشارا نے 28، پتھم نسانکا نے 26، کامینڈو مینڈس نے 20، ونیندو ہسرنگا نے 21 اور دسون شناکا نے 16 رنز کا تعاون دیا۔
ویسٹ انڈیز کے لیے شمار جوزف نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ عقیل حسین، میتھیو فورڈ، جیسن ہولڈر اور روسٹن چیس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد 170 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز نے 19.4 اوورز میں پانچ وکٹ پر 170 رنز بنا کر مقابلہ پانچ وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔
ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ایک وقت اس نے 53 رنز پر چار وکٹیں گنوا دی تھیں۔ کپتان شائی ہوپ صفر، برینڈن کنگ 16، اکیم اگست ایک اور شمرون ہیٹمائر 19 گیندوں میں 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔ ایسے بحرانی وقت میں شرفین ردرفورڈ اور رومن پاول نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو جیت کی طرف لے گئے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 81 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ رومن پاول نے 27 گیندوں میں ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ شرفین ردرفورڈ نے 40 گیندوں میں تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 54 رنز بنائے۔ جیسن ہولڈر نے پانچ گیندوں میں تین چھکے اڑا کر ناقابل شکست 21 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے ونیندو ہسرنگا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ دُنیت ویلا لگے، دشمنتھا چمیرا اور مہیش تھیکشنا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
