Masarrat
Masarrat Urdu

سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 37 رنز سے ہرایا

Thumb

کنگسٹن، 14 جون (مسرت ڈاٹ کام) کامِل مشارا (ناٹ آؤٹ 61) اور دسون شناکا (58) کی شاندار نصف سنچری اننگز کے بعد گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت سری لنکا کی ٹیم نے دوسرے ٹی-20 مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو 37 رنز سے ہرا دیا۔ اسی کے ساتھ سری لنکا نے تین میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابری کر لی۔

195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم سری لنکن بالنگ اٹیک کے آگے 18.1 اوورز میں 154 رنز پر سمٹ گئی۔ ویسٹ انڈیز کے لیے رومن پاول نے سب سے زیادہ 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ شمرون ہیٹمائر (36)، روسٹن چیس (17)، شرفین ردرفورڈ (14) اور عقیل حسین (14) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شمار جوزف نے (ناٹ آؤٹ 11) رنز بنائے۔ 19ویں اوور کی پہلی گیند پر دشمنتھا چمیرا نے روسٹن چیس (17) رنز کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چمیرا اور وانندو ہسرنگا نے تین تین وکٹ حاصل کئے۔ دُنِت ویلالگے کو دو وکٹ ملے۔ مہیش تھیکشنا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے آج یہاں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کرنے اتری سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹ پر 194 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ سری لنکا کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 43 رنز کے اسکور تک اپنے تین وکٹ گنوا دیئے۔ پتھم نسانکا (سات)، کپتان کُسل مینڈس (31) اور پون رتنائیکے (ایک) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کامینڈو مینڈس اور کامِل مشارا کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 45 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ کامینڈو مینڈس (24) رنز بنا کر چوتھے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ دسون شناکا نے کامِل مشارا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 103 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کا بڑا اسکور بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ دسون شناکا کو اننگز کی آخری گیند پر شمار جوزف نے آؤٹ کیا۔ شناکا نے 24 گیندوں میں پانچ چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ کامِل مشارا نے 40 گیندوں میں چار چوکے اور تین چھکے اڑا کر (ناٹ آؤٹ 61) رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے لیے شمار جوزف نے تین وکٹ حاصل کئے۔ میتھیو فورڈ کو دو وکٹ ملے۔ شمار اسپرنگر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

 

Ads