Masarrat
Masarrat Urdu

مودی سے سٹی بینک کی چیئرپرسن اور سی ای او کی ملاقات، ہندوستان کی ترقیاتی ترجیحات اور تعاون کے مواقع پر تبادلۂ خیال

Thumb

نئی دہلی، 4 جون (مسرت ڈاٹ کام) عالمی سطح پر کام کرنے والے امریکی بینکاری ادارے سٹی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جین فریزر نے یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ہندوستان کی اقتصادی ترقی میں تعاون کے لیے اپنی کمپنی کے عزم کا اعادہ کیا۔

سٹی بینک اگلے سال ہندوستان میں اپنی سرگرمیوں کے 125 سال مکمل کرنے جا رہا ہے۔

سٹی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو ہونے والی اس ملاقات میں عالمی سرمایہ کاری کو بھارت کی جانب راغب کرنے، بیرونِ ملک بھارتی کمپنیوں کے فروغ، متبادل توانائی اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

بات چیت کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے "وکست بھارت 2047" کے ہدف کے حصول کے لیے ترقی کی رفتار تیز کرنے اور اقتصادی نمو کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے وژن کا اظہار کیا۔ گفتگو میں بھارت میں سرمایہ کاری اور سرمایہ کے بہاؤ، عالمی سطح پرہندوستانی کارپوریٹ شعبے کے لیے مواقع، متبادل توانائی اور مصنوعی ذہانت جیسے اہم موضوعات شامل رہے۔

فریقین نے اس بات پر بھی تبادلۂ خیال کیا کہ سٹی بینک کس طرح ہندوستان کے اقتصادی ایجنڈے کی مزید حمایت کر سکتا ہے، عالمی سرمایہ کاروں کو ملک کی جانب متوجہ کرنے میں مدد دے سکتا ہے، اور دنیا بھر میں نئے بازاروں میں توسیع کرنے والی بھارتی کمپنیوں کے فروغ میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

اس کے علاوہ ملک میں متبادل توانائی کے ذرائع، خصوصاً شمسی توانائی اور گرین ہائیڈروجن جیسے سبز توانائی منصوبوں سے متعلق مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔ مصنوعی ذہانت کے موضوع پر اس کے ضابطہ کاری (ریگولیشن) اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں جین فریزر کے ہمراہ ہندوستان میں سٹی بینک کے سی ای او، بینکنگ ہیڈ اور ہندوستانی برصغیر کے سب کلسٹر سربراہ کے بالا سبرامنیم بھی موجود تھے۔ دونوں نے ہندوستان میں سٹی بینک کی حالیہ پیش رفت پر گفتگو کی اور ملک اور اپنے صارفین کی خدمت کے لیے کمپنی کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

 

Ads