تہران، 4 جون (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی پارلیمنٹ کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کے مقابلے میں ایرانی قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ اب ایران کے خلاف کسی بھی دھمکی یا جارحیت کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے سربراہ محمدباقر قالیباف نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایرانی قوم نے امریکہ اور غاصب صہیونی حکومت کے ساتھ حالیہ معرکے میں یہ ثابت کر دیا ہے کہ ایران کو دھمکانے کا دور ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خرداد کا مہینہ ایران کی معاصر تاریخ میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اس مہینے کا آغاز امام خمینیؒ کی تحریک سے وابستہ ہے جبکہ چودہ خرداد ان کے وصال کی یاد تازہ کرتا ہے۔ یہ ایام انقلاب اسلامی کی شناخت، مقاصد اور بنیادی اقدار کے ازسرنو جائزے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
قالیباف نے کہا کہ اس سال امام خمینیؒ کی برسی ایک مختلف فضا میں منائی جا رہی ہے کیونکہ رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی عدم موجودگی پہلے سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ اگرچہ ان کی شہادت نے ایرانی قوم اور امتِ مسلمہ کو غم و اندوہ میں مبتلا کیا، لیکن اسی قربانی نے انقلاب اسلامی کی مضبوطی، عوامی استقامت اور امام خمینیؒ کے راستے کی عظمت کو دنیا پر مزید آشکار کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید رہبر انقلاب کا پاکیزہ خون امام خمینیؒ کی تحریک کے تسلسل کی ضمانت بن گیا ہے اور عزت، خودمختاری اور مزاحمت کا پرچم آئندہ نسلوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ کے سربراہ نے عید غدیر کی آمد کے موقع پر امام خمینی اور شہدائے انقلاب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اسلامی انقلاب کی قیادت کے ساتھ تجدید عہد کا اظہار بھی کیا۔
قالیباف نے کہا کہ آج دنیا ایران کی دفاعی قوت، میدان عمل میں ایرانی جوانوں کی صلاحیتوں، عوام کی باشعور شرکت اور ملک کی سائنسی و فنی کامیابیوں کا مشاہدہ کر رہی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اسلامی انقلاب ولایت فقیہ کے اصول اور موجودہ قیادت کی رہنمائی میں عزت، ترقی اور اقتدار کے سفر کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے ایرانی قوم کو آزادی، استکبار کے مقابلے میں استقامت، خدا پر بھروسہ اور عوامی خدمت کا درس دیا۔
